جنوبی افریقہ کے معروف فاسٹ باؤلر کے چھوٹے بھائی کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، انتہائی افسوسناک خبر آ گئی
کیپ ٹاﺅن (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر ویرنون فلینڈر کے چھوٹے بھائی ٹیرون کو گھر کے قریب گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق سابق جنوبی افریقی فاسٹ باﺅلر ویرنون فلینڈر کے چھوٹے بھائی ٹیرون کیپ ٹاﺅن میں اپنے ہمسائے کو پانی دینے جارہے تھے کہ اس دوران انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، فلینڈر کی فیملی نے مشکل وقت میں پرائیویسی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کے روز دوپہر کے وقت پیش آیا جس کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ کمیونٹی گروپ کے ایک ممبر کا کہنا ہے کہ ویرنون فلینڈر کے اہل خانہ اپنے گھر پر موجود تھے جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی۔
واضح رہے کہ ویرنون فلینڈر نے رواں سال کے آغاز میں ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور اپنے 13 سالہ انٹرنیشنل کیرئیر کے دوران 64 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹرنیشنل اور 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔