گیند کرنے سے قبل نان سٹرائیک بیٹسمین کے کریز چھوڑنے پر کیا سزا دینی چاہئے؟ رکی پونٹنگ نے زبردست تجویز دیدی
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے باﺅلرز کی جانب سے گیند کرنے سے قبل نان سٹرائیک بیٹسمین کے کریز چھوڑنے پر 10 پنالٹی رنز دینے کی تجویز دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے کھیل میں باﺅلرز کی جانب سے گیند کرائے جانے سے قبل نان سٹرائیک بیٹسمین کے کریز چھوڑنے پر ”مینکڈ“ کئے جانے کے کئی واقعات ہو چکے ہیں تاہم کئی مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ باﺅلر نے سپورٹس مین شپ سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹسمین کو صرف وارننگ دینے پر ہی اکتفا کیا۔
اس کی ایک مثال متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں بھی دیکھنے کو ملی جب دہلی کیپیٹلز کے روی چندرن ایشوین نے حریف پلیئر ایرون فنچ کو گیند سے قبل کریز سے کافی آگے جانے پر مینکڈ تو نہیں کیا مگر وارننگ ضرور دی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ سابق آسٹریلین کپتان اور ٹیم کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ کمیٹی سے بات کر چکے ہیں کہ اگر کوئی بیٹسمین گیند ہونے سے پہلے ہی کریز چھوڑے تو ٹیم پر 10 رنز کی پنالٹی عائد کر دی جائے۔