مصباح الحق اور اظہر علی نے بلا اجازت وزیراعظم سے ملاقات پر وضاحت پیش کر دی، دونوں نے کیا موقف اختیار کیا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق اور قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے وزیراعظم عمران خان سے بلااجازت ملاقات کرنے پر بورڈ کو وضاحت پیش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی وضاحت پیش کرنے کیلئے قذافی سٹیڈیم لاہور آئے جہاں دونوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے الگ الگ ملاقات کرتے ہوئے وضاحت پیش کی۔
دونوں نے موقف اختیار کیا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے سے کھلاڑیوں کی بےروزگاری پر بات کرنے کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کی اور ایسا کرنے سے ڈسپلن کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی تاہم بورڈ نے دونوں کو ہی آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق، اظہر علی اور محمد حفیظ کے ہمراہ بے روزگار کرکٹر کا مقدمہ لے کر بورڈ کے پیٹرن اور وزیراعظم عمران خان کے پاس گئے تھے تاہم انہوں نے ڈیپارٹمنٹس کی کرکٹ بحال کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا جبکہ پی سی بی نے بلا اجازت ملاقات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی۔