نواز شریف سمیت لیگی رہنماﺅں کیخلاف غداری کا مقدمہ، تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی
لاہور(آئی این پی)سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت لیگی رہنماﺅں کیخلاف غداری مقدمے کی تفتیش کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی جس نے کام کا آغاز کر دیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او لاہور لائحہ عمل طے کریں گے۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنماﺅں کے خلاف غداری اور بغاوت کا معاملہ، آئی جی پنجاب انعام غنی کے حکم پر ایس پی سی آئی اے لاہور کی سربراہی میں 4 افسران پر مشتمل جوائنٹ انوسیٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ٹیم کے سربراہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کمبوہ کے علاوہ ڈی ایس پی شفیق آباد محمد غیاث ، انچارج سی آئی اے اقبال ٹاﺅن انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ سب انسپکٹر شبیر اعوان شامل ہیں۔جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مقدمہ کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے تاہم غداری اور بغاوت کے مقدمہ میں تاحال نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے نہ پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔