”نواز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے بذریعہ اشتہار مطلع کیا جائے “ تحریری حکم نامہ جاری 

”نواز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے بذریعہ اشتہار مطلع کیا جائے “ تحریری ...
”نواز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے بذریعہ اشتہار مطلع کیا جائے “ تحریری حکم نامہ جاری 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے بذریعہ اشتہار مطلع کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔

نجی نیوز چینل"جیو نیوز" کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے وکیل وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے آرڈر کے بعد سے پیش نہ ہوئے ،ہر ممکن کوشش کے باوجود نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہو سکی ،عدالت کے پاس نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں ۔انگریزی اور اردو اخبار میں اشتہار شائع کر کے نواز شریف کو آگاہ کیا جائے کہ 24نومبر کو پیش ہوں ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز اپیلوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت طلبی سے متعلق اخبار اشتہار کی نقول برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے نواز شریف کو بھجوائی جائیں،وزارت خارجہ اس سے متعلق ضروری اقدامات کرے،اخبار اشتہار کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے اور ایک ہفتے میں اس کی ادائیگی کرے ۔عدالتی حکم کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکرٹری دلدار علی ابڑو ،قونصلر اتاشی راو عبدالحنان کا بیان قلمبند کیا گیا، دفتر خارجہ کے افسر مبشر خان نے بھی بیان ریکارڈ کرایا تمام مصدقہ دستاویزات جمع کرائیں ،گواہوں کے بیانات اور مصدقہ دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو وارنٹس کی تعمیل کے لیے تمام کوششیں کی گئیں ، لیکن ہر ممکن کوشش کے باوجود نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہو سکی ، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث 15 ستمبر کو وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سے پیش نہیں ہوئے،ان حالات میں عدالت کے پاس نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا۔

دوسری طرف رجسٹرار ہائی کورٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کا تحریری حکمنامہ موصول ہو گیا ہے،نواز شریف کو اشتہاری قرار دینےسے متعلق اشتہار کل جاری کیا جائے گا۔

مزید :

قومی -