پیپلز پارٹی 2 کشتیوں کی سوار ہے،3ماہ خاموش رہنے کے بعد پھر نورا کشتی کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کریں گے،اسد قیصر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے پیپلز پارٹی دو کشتیوں کی سوار ہے، وہ دنیا کو یہ دکھا رہے ہیں کہ پنجاب میں ان کی کوئی لڑائی ہے، حالانکہ یہ ساری نورا کشتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا دونوں ایک ہی ہیں اور عوام کو دھوکادے رہے ہیں۔ میں نے تو اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ اگر یہ سنجیدہ ہیں تو عدمِ اعتماد لائیں، ہم ساتھ دیں گے۔ مگر رات کو کباب و شباب کھا کر انہوں نے مک مکا کر لیا۔ اب دو تین مہینے خاموش رہیں گے، پھر نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کریں گے۔
اسد قیصر نے مزید کہا یہ ہائبرڈ نظام کسی صورت نہیں چل سکتا۔ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی ملک چلے گا۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کا نظام اس طرح چل سکتا ہے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔ انشااللہ 12 اکتوبر کو تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں ہم ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول اور ایک جامع لائحۂ عمل پیش کریں گے۔
