پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے پاکستان میں جو بھی دہشت گردی ہو رہی ہے اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ موجود ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی کل کی ہی تو بات ہے کہ کس طرح بھارت میں دہشتگردی کے ایک واقعہ کا بہانہ بناکر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پاکستان پر حملہ آور ہوئے اور نہتے شہریوں کو شہید کیا گیا۔ہم اپنی افواج پاکستان خصوصا فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی سربراہی میں ایئر فورس اور آرمی نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔کچھ ناعاقبت اندیش لوگ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنا شروع کر دیتے ہیں اور ان کی باتوں میں آکر اپنی افواج اور اداروں کیخلاف باتیں کرتے ہیں، یہ ہمارے بیٹے ملک پر قربانیاں دیتے ہیں، یہ پہرہ دیتے ہیں تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا کوئی قبرستان ایسا نہیں، جہاں پاکستان کا جھنڈا نظر نہ آئے، لوگ اس پر فخر کرتے ہیں، اس قوم کو کوئی دہشت گرد ڈرا نہیں سکتا اور نہ ہی کوئی طاقت شکست دے سکتی ہے۔ہمارے چھوٹے چھوٹے اختلاف ضرور ہو سکتے ہیں، تاہم جب پاکستان کے خلاف کوئی بات تو ہم سب ایک ہو جاتے ہیں، جس پر کسی کو اختلاف نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن نے سیز فائر تو کیا ہے لیکن جنگ بند نہیں کی، ان کی افواج ہماری سرحدوں پر اب بھی موجود ہیں، اسی طرح ہماری افواج بھی مستعد اور ایک ایک چیز پر نظر رکھے ہوئے۔
