ڈاکٹر فاروق عادل کی تصنیف ’’دیکھا جنہیں پلٹ کے ‘‘ پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی میں ادبی نشست کا اہتمام، مجیب الرحمان شامی ، عطاء الحق قاسمی سمیت اہم شخصیات کی شرکت

ڈاکٹر فاروق عادل کی تصنیف ’’دیکھا جنہیں پلٹ کے ‘‘ پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ...
ڈاکٹر فاروق عادل کی تصنیف ’’دیکھا جنہیں پلٹ کے ‘‘ پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی میں ادبی نشست کا اہتمام، مجیب الرحمان شامی ، عطاء الحق قاسمی سمیت اہم شخصیات کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی (NIPP) ، جو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (NSPP) لاہور کا ایک ذیلی ادارہ ہے ، نے معروف ادیب اور صحافی ڈاکٹر فاروق عادل کی تصنیف ’’دیکھا جنہیں پلٹ کے ‘‘ پر ایک علمی و فکری نشست کا اہتمام کیا ۔ اس نشست میں میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی ، معروف کالم نگار اور شاعر عطاء الحق قاسمی ، ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی ڈاکٹر محمد جمیل آفاقی اور ڈین ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی ڈاکٹر نوید الہیٰ شامل تھے ۔ 

ڈاکٹر محمد جمیل آفاقی نے اپنے ابتدائی کلمات میں عوامی اداروں میں فکری و ادبی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام سول سرونٹس اور محققین کو موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ ان ثقافتی و سماجی بیانیوں پر غور کریں جو ہماری قومی شناخت کی تشکیل میں کردار ادا کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر آفاقی نے ڈاکٹر فاروق عادل کی اردو ادب اور صحافت میں خدمات کو سراہااور کہا کہ ان کے مضامین گہری فکری بصیرت رکھتے ہیں اور معاشرتی و سیاسی ارتقاء کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں ۔ 

نشست کے دوران ڈاکٹر فاروق عادل نے اپنی کتاب ’’دیکھا جنہیں پلٹ کے ‘‘ کے پس منظر اور اس کے تخلیقی محرکات پر گفتگو کی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی تجربات اور تاریخی لمحات کا ریکارڈ محفوظ رکھنا قومی شعور کے فروغ کیلیے نہایت اہم ہے ۔ 

کلیدی مقررین  مجیب الرحمان شامی اور عطاء الحق قاسمی نے مصنف کے اسلوب اور فکر کی گہرائی کو سراہا اور کہا کہ یہ کتاب یادداشت ، عکاسی اور صحافتی بصیرت کا حسین امتزاج ہے ۔ انہوں نے مطالعے کے فروغ اور علمی مباحث کو ادارہ جاتی سطح پر جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ان کے علاوہ جمشید علی خان ، سلمان غنی ، سلیم منصور خالد ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈاکٹر حسین احمد پراچہ اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بھی مصنف اور کتاب کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے ۔ 

نشست کے اختتام پر ڈاکٹر نوید الہیٰ ، ڈین NIPP، نے ریکٹر ، معزز مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ NIPP علمی و فکری مکالمے کو فروغ دینے اور پالیسی ، حکمرانی اور ثقافت کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کیلیے پر عزم ہے ۔ 

اس تقریب میں NSPP کے مختلف شعبہ جات کے ممبرز ، افسران اور شرکاء کی بڑی تعداد نے  شرکت کی اور یہ ایک یادگار و با معنی ادبی نشست ثابت ہوئی ۔