آٹھ سالوں سے بند،پشتوںکی مرمت پر ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا،پرویز الہٰی
اسلام آباد،لاہور(اے این این ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں حکومت کی ناقص پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں، حکومت ناکام ہی نہیں بلکہ بے نقاب بھی ہو گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دوست مودی صاحب کم از کم ان کو بتا ہی دیتے کہ پانی چھوڑ رہے ہیں جبکہ دوسری طرف نوازشریف ان کو چونسا آم تحفہ میں بھیج رہے ہیں، وفاق اور پنجاب حکومت نے حفاظتی بندوں کی مرمت کی طرف توجہ نہیں دی جبکہ میرے دور میں ہر سال سیلاب سے پہلے ان علاقوں کا سروے کروایا جاتا تھا، حفاظتی بندوں کی مرمت کیلئے فنڈز جاری کیے جاتے تھے، نیا پتھر ڈالا جاتا تھا، موجودہ حکومت نے 8 سالوں میں ایک روپیہ تک مرمت کی مد میں جاری نہیں کیا۔ انہوں نے اس مد میں خرچ ہونے والی ساری رقم جنگلہ بس اور دیگر ناکام منصوبوں پر لگا دی جس کی وجہ سے آج ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں۔ انہوں نے کچھ نہیں کیا کوئی ریسکیو نہیں کیا اس لیے فوج کو آنا پڑا جو کام ان کے کرنے کے تھے وہ فوج کو کرنا پڑ رہے ہیں۔
پرویز الہٰی