نواز شریف جلالپور بھٹیاں پہنچ گئے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے: وزیراعظم

نواز شریف جلالپور بھٹیاں پہنچ گئے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے: وزیراعظم
نواز شریف جلالپور بھٹیاں پہنچ گئے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے: وزیراعظم

  

حافظ آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے جلالپور بھٹیاں پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سائرہ افضل تارڑ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ جلالپور بھٹیاں پہنچنے پر وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور امدادی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا گیااور بتایا گیا کہ متاثرہ لوگوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اچانک سیلاب آنے کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا، سیلاب اور طغیانی کا کسی کو اندازہ نہیں تھا، پانی اترتے ہی نقصانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا جائے گا اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شرفی تمام امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ وہ خود بھی انتظامات کا جائزہ لینے آئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں ضرورت ہے وہاں کشتیاں پہنچائی جائیں جبکہ مال اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نواز شریف بریفنگ کے بعد متاثرین کیلئے قائم کئے گئے امدادی اور میڈیکل کیمپس کا دورہ کریں گے اور متاثرین میں امداد بھی تقسیم کریں گے۔

مزید : قومی