عید کی آمد پرماتحت عدالتوں میں "مچلکہ ٹائوٹ مافیا "کی چاندی

عید کی آمد پرماتحت عدالتوں میں "مچلکہ ٹائوٹ مافیا "کی چاندی
عید کی آمد پرماتحت عدالتوں میں

  


لاہور(کامران مغل)عید قربان کے قریب آتے ہی ماتحت عدالتوں میں "مچلکہ ٹائوٹ مافیا "کی چاندی ہوگئی ہے ،ٹاﺅٹ مافیا نے مچلکوں کے ریٹ بھی ڈبل کردیئے ہیں جبکہ دوسری جانب سٹینو ،ریڈر، اوراہلمدکے ساتھ روب کار تیار کرنے والے عدالتی اہلکاروں نے بھی عیدی کے نام پر لوٹ مار شروع کررکھی ہے ۔لواحقین اپنوں کے ساتھ عید منانے کے جذبے کے پیش نظر مختلف مقدمات میں گرفتار جیلوں میں بند ملزمان کے کی رہائی کے لئے منہ مانگے دام دینے پر مجبور ہوگئے ہیں،ضمانتوں کی درخواستیں دائر ہونے سے ضلع کچہری،ماڈل ٹاﺅن کچہری،کینٹ کچہری ،انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالتوں ،انسداد منشیات کی خصوصی عدالت اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے علاوہ سیشن کورٹ میں درخواست ضمانتوں کی بھر مار ہوگئی ہے ،اسی وجہ سے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی سماعتیںسست ہوگئی ہیں ،عدالتوں میں درخواست ضمانتوں کی زیادتی کی وجہ سے انسانی ہمدردی اور مذہبی جذبہ کے پیش نظر جوڈیشل افسران بھی اپنے مقررہ عدالتی اوقات سے کئی کئی گھنٹے زیادہ کام کرنے میں مصروف ہیں جبکہ وکلاءکی مصروفیت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ عدالتی عملہ اور ٹاﺅٹ مافیا کی چاندی لگ گئی ہے ،ٹاﺅٹوں نے ضمانتی مچلکے دینے کے عوض اپنے معمول کے ریٹس سے کئی گنا زیادہ وصول کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ سائلین اپنے پیاروں کو عید کے روز ضمانت پر رہا کروانے کے لئے ٹاﺅٹوں کو ان کے منہ مانگے ریٹ دینے پر مجبور ہیں اس کے علاوہ عدالتی عملہ روبکار جاری کرنے مچلکوں کو پاس کروانے اور عیدی کے نام پر سائلین کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے میں مصروف ہیں ،ان تمام حالات کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں قائم کیٹینز والے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے اور وہ بھی خورد نوش کی ناقص اور مضر صحت اشیاءفروخت کرنے کے ساتھ ساتھ بازار سے دگنے ریٹ وصول کرنے لگے ہیں ۔صبح ہوتے ہی عدالتوں میں سائلین کا رش معمول سے دوگنا ہوجاتا ہے جو عدالتی وقت کے خاتمے تک جاری رہتا ہے ۔درخواست ضمانتوں کی سماعتوں میں اپنے قانونی دلائل پیش کرنے کے لئے وکلاءکی مصروفیت میں بہت اضافہ ہوا ہے اور وہ معمول کے مقدمات میں پیش ہونے کے بجائے درخواست ضمانتوں کی سماعتوں کے لئے عدالتوں میں پیش ہونے کو ترجیح دے رہے ہیں اور وہ اپنے دیگر زیر سماعت مقدمات میں اپنے جونیئرز کو بھجوا کر آئندہ کی تاریخیں لے رہے ہیں ان حالات کے پیش نظر لاہور کی عدالتوں میں زیر سماعت ہزاروں کی تعداد میںمقدمات التوا کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ ٹاﺅٹوں کی چاندی ہوگئی ہے ۔

مزید : لاہور


loading...