ایل ڈی اے کے سات پلاٹ 99کروڑ سے زائد میں نیلام

ایل ڈی اے کے سات پلاٹ 99کروڑ سے زائد میں نیلام

لاہور (اپنے خبر نگار سے)لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز کمرشل پلاٹوں اور ہسپتال /ڈسپنسری سائٹس کے نیلام عام کے دوران سات پلاٹ 99 کروڑ دو لاکھ62ہزار روپے میں نیلام کر دئیے گئے ۔ فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن میں واقع14کنال 7مرلے رقبے کا کمرشل پلاٹ نمبر 6ڈی 51کروڑ81لاکھ روپے میں نیلام ہوا اس کی بنیادی قیمت 15لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کی گئی تھی جبکہ یہ 18لاکھ پانچ ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے نیلام ہوا ۔اسی جگہ واقع14کنال رقبے کا ہسپتال کے لئے مختص پلاٹ نمبر 6ایف 40 کروڑ 76لاکھ روپے میں نیلام ہوا اس کی بولی کی ابتدائی قیمت12لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کی گئی تھی جبکہ یہ 14لاکھ50ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے نیلام ہوا۔سوک سنٹر ایل ڈی اے ایونیو ون میں ایک کنال پانچ مرلے کے کمرشل پلاٹ نمبر 23 کی بولی کی ابتدائی قیمت 18لاکھ روپے فی مرلہ مقرر تھی ۔ یہ پلاٹ 19لاکھ روپے فی مرلہ کے حساب سے 4کروڑ83لاکھ روپے میں نیلام ہوا۔اس موقع پر جوبلی ٹاؤن کے چار کمرشل پلاٹ بھی مجموعی طور پر ایک کروڑ61لاکھ42ہزار روپے میں نیلام ہوئے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1