پر امن احتجاج ہمار ا جمہوری حق ہے، جمشید اقبال چیمہ

پر امن احتجاج ہمار ا جمہوری حق ہے، جمشید اقبال چیمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اپنے درباریوں کے منہ سے زبان پھسلنے کے نام پر سچ سامنے آناشروع ہو گیا ہے ، پر امن احتجاج ہمار ا جمہوری حق ہے لیکن (ن) لیگ کی قیادت جان بوجھ کر اشتعال کا ماحول پیدا کر رہی ہے جس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمدہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ موجودہ حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کی حو س میں ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگانے سے بھی گریز نہیں کررہے ۔

پی ٹی آئی نے ہمیشہ پر امن احتجاج کیا ہے او رآئندہ بھی اسی پرکاربند رہیں گے لیکن حکمران اپنی کشتی کو ڈھولتا ہوا دیکھ کر جس طرح کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں اس سے سب واقف ہیں اور ہم ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اشتعال کا ماحول پیدا کرنے سے باز رہے اس طرح کا کوئی بھی واقعہ کسی نا خوشگوار سانحہ کوجنم دے سکتاہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک میں کسی طرح کی افرا تفری اورانتشا ر نہیں چاہتی اور حکمران بھی ایسے حالات پیدا کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں اور انہوں نے اپنا رخ بھی متعین کر لیا ہے ،حکمرانوں کے اپنے درباریوںں کے منہ سے زبان پھسلنے کے نام پر سچ سامنے آنا شروع ہوگیا ہے اور یہی نوشتہ دیوار ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1