پنجاب وسیع معدنی ذخائر سے مالا مال ہے ، جوملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں :چودھری شیر علی

پنجاب وسیع معدنی ذخائر سے مالا مال ہے ، جوملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں :چودھری ...

 لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی نے کہا ہے کہ پنجاب وسیع معدنی ذخائر سے مالامال ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، پنجاب حکومت ان وسائل کے ذریعے معاشی خوشحالی لانے کے لیے دن رات کام کررہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں معدنیات کے شعبہ کا فروغ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید، چیئرمین پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن میاں نعمان کبیر، چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثار، سہیل لاشاری، سابق نائب صدور سید محمود غزنوی، ابوذرشاد، سیکریٹری مائننگ اینڈ منرلز ڈاکٹر ارشد محمود، پرنسپل ارتھ کالج، پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد رشید، معروف جیالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر ایم نواز اور دیگر ماہرین نے اس موقع پر خطاب کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے، لائم سٹون، نمک، آئرن اور کاپر سمیت دیگر بہت سی معدنیات کے وسیع ذخائر ہیں جو مختلف صنعتوں میں استعمال ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ری سٹرکچرنگ کی جارہی ہے، ہنرمند افرادی قوت اس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے لہذا اس جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے جبکہ مائننگ ورکرز کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چیئرمین پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن میاں نعمان کبیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ادارے کو بھرپور طریقے سے فعال بنانے کے لیے شب و روز کام کیا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر کے تصور کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی پیداوار بڑھانے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے اور معدنیات کے متعلق ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر نے معدنی شعبے کو فروغ دینے کے لیے فعال سٹینڈنگ کمیٹیاں قائم کررکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سونے سے لیکر کوئلے تک ہر قسم کی معدنیات کے بڑے ذخائر ہیں لیکن ٹیکنالوجی کا فقدان ان سے فائدہ اٹھانے کی راہ میں آڑے آرہا ہے۔ لہذا اس جانب توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے مائن اونرز کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 2018ء تک دو ملین نوجوانوں کو ٹریننگ دینے کا ٹاسک دیا ہے جو پورا ہوجائے گا۔ سیکریٹری مائن اینڈ منرل ڈاکٹر ارشد محمود نے کہا کہ اس وقت تیس سے پینتیس معدنیات نکالی جارہی ہیں جو بہت سی صنعتوں میں استعمال ہورہی ہیں، لیز اور کنٹریکٹ سسٹم کو انتہائی صاف و شفاف بنایا گیا ہے۔

مزید : کامرس