حبیب بینک کی جانب سے یو ای ٹی کیلئے 50لاکھ روپے کا چیک

حبیب بینک کی جانب سے یو ای ٹی کیلئے 50لاکھ روپے کا چیک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) حبیب بنک لمیٹڈ نے مفاہمت کی یاداشت کے تحت 50لاکھ روپے کا چیک یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے حوالے کر دیا۔ اس سلسلے میں صدر حبیب بنک لمیٹڈاور سابقہ طالب علم یو ای ٹی لاہور نعمان کے ڈار کی قیادت میں وفد نے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد سے ملا قات میں چیک پیش کیا۔ حبیب بنک لمیٹڈ کی جانب سے ملنے والی رقم جامعہ کے انڈر گریجوایٹ کے غریب اور مستحق طلبہ کی تعلیم کے لئے میرٹ کی بنیاد پر بطور وظیفہ کے اخراجات پورے کرنے کے لئے دی جائے گی۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ غریب و نادار طبقہ اس عطیہ سے معاشی طور پر مضبوط ہو کر اپنی تعلیم مکمل کر سکے گا اور اس سوچ سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شراکت داری کے ساتھ مل کر کام کرنے کی فضاء بھی قائم ہو گی۔ حبیب بنک کے صدر نعمان کے ڈار نے یو ای ٹی لاہور کی ملکی ترقی میں خدمات کو سراہااور آئندہ مستقبل میں بھی معاونت کی مکمل یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر بینک کی جانب سے نوشین احمد، فائق صادق، مجتبیٰ نقوی، نعمان راٹھور اور رضوان اسلم منیجر حبیب بنک یوای ٹی برانچ جبکہ جامعہ کی طرف سے ڈین برائے فیکلٹی آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس انجم اور دیگر موجود تھے۔
اور آخر میں وفد نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات اور ممتاز ہال کا دورہ کیا۔#