ماں نے ایک ماہ قبل اغواء ہونیوالی بیٹی کی بازیابی کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا
لاہور(نامہ نگار)ایک ماہ قبل کوٹ لکھپت سے مبینہ اغواء ہونے والی 12سالہ مونیکہ کی والدہ نے بیٹی کی بازیابی کے لئے سیشن عدالت سے رجوع کرلیا،عدالت نے تھانہ لیاقت آبادپولیس سے آج ریکارڈ طلب کرلیاہے۔ مغوی لڑکی کی ماں اپنی بیٹی کی تصویر پکڑے عدالت کے باہر کھڑی زاروقطار روتی رہی۔ایڈیشنل سیشن جج عمراشفاق کی عدالت میں 12سالہ مونیکہ کی والدہ شازیہ نے اپنے وکیل کی وساطت سے ملزم علی رضاکی درخواست ضمانت خارج کرنے کے لئے درخواست دائرکی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کی 12سالہ بیٹی کوعلاقے میں گن مین کی ڈیوٹی دینے والے ملزم نے اغواء کیا ہے ،لیاقت آبادتھانے میں مقدمہ درج کیاگیالیکن تاحال ملزم کوگرفتارنہیں کیاگیا،اب ملزم نے اپنی ضمانت کے لئے درخواست دائرکی ہے جسے خارج کیاجائے کیونکہ اگرملزم کی ضمانت ہوگئی توپھراس کی بیٹی نہیں مل سکے گی۔ سیشن عدالت نے لیاقت آباد پولیس کے تفتیشی آفیسر کوآج ریکارڈ سمیت طلب کرلیاہے۔