لاکھوں فرزند ان توحید آج رات منی کی طرف روانہ ہونگے

لاکھوں فرزند ان توحید آج رات منی کی طرف روانہ ہونگے

 جدہ (محمد اکرم اسد/ بیورو چیف) دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان توحید آج رات قافلوں کی شکل میں ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ کا ورد کرتے ہوئے مکہ مکرمہ سے منیٰ کی طرف روانہ ہوں گے اور یہ سلسلہ کل دوپہر تک جاری رہے گا۔ ہفتہ کو ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازوں کی ادائیگی منیٰ میں اداکریں گے اور سارا دن عبادت میں گزاریں گے۔ رات کے قیام کے بعد اتوار کی صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد یہ تمام قافلے منیٰ سے میدان عرفات کی طرف روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ حج کا اہم رکن اور وقوف عرفہ کریں گے۔ یہ قافلے ٹرین، بسوں اور ویگنوں کے ذریعے جبکہ بہت سارے پیدل ہی ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ پڑھتے ہوئے روانہ ہوں گے۔ بدھ کی شام تک سب عازمین حج مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں اور اس وقت مکہ مکرمہ میں پوری دنیا سے آئے ہوئے عازمین حج جمع ہیں اور انتظامات میں مصروف ہیں، جس میں احرام، دھوپ سے بچاؤ کے لئے چھتریاں، کھلی چپل، بیگ اور ضروری ادویات شامل ہیں۔ حکومت سعودی عرب نے حج کے موقع پر حجاج کو آرام و راحت کے ساتھ حج کی ادائیگی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے مقامی افراد کو حج پر جانے کے لئے خصوصی اجازت نامے جاری کئے ہیں اور ایس ایم ایس پیغامات کے ذریعے پبلک کو خبردار کیا جارہا ہے کہ بغیر حج اجازت نامہ کے مشاعر مقدسہ جانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ خصوصی چیک پوسٹیں لگائی گئی ہیں جو ہر فرد کو چیک کررہی ہیں اور غیر قانونی طور پر جانے والوں کو پکڑ لیاجائے گا اور پھر دس سال تک مملکت میں داخل نہیں ہوسکے گا۔ پاکستانی حجاج جو سرکاری اور غیر سرکاری سکیموں کے تحت حج کی ادائیگی کے لئے پہنچے ہوئے ہیں وہ بھی حج پر روانگی کے لئے تیار ہیں اور اپنا زیادہ وقت اللہ کے حضور توبہ و استغفار میں گزاررہے ہیں

مزید : صفحہ اول


loading...