غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء میں ملوث 2نادرا اہلکار گرفتار

غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء میں ملوث 2نادرا اہلکار گرفتار

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجرا میں ملوث دو نادرا اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ۔ محمد کامران اور راؤ محمد وسیم کوکراچی اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان وزرات داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات پر ایف آئی اے نے غیرملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ۔ترجمان کے مطابق محمد کامران اور راؤ محمد وسیم کی نشاندہی بھی اسی مہم کے دوران ہوئی۔ محمد کامران کراچی کا رہائشی اور 2003سے نادرا ملازم ہے۔ راؤ محمد وسیم 2004 سے نادرا میں ملازم ہے اور چوہڑ چوک راولپنڈی میں تعینات تھا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ غیر ملکیوں کو پاکستانی شناخت فراہم کرنے والے اور ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘انہوں نے نادرا حکام کو جعلی شناختی کارڈز کے اجرا میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

مزید : صفحہ اول