وزیراعظم کے فولادی عزم کے سامنے ، دھرنے اور ریلیاں دم توڑ چکی ہیں ، گورنر پنجاب

وزیراعظم کے فولادی عزم کے سامنے ، دھرنے اور ریلیاں دم توڑ چکی ہیں ، گورنر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( کامرس رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وطن عزیز عرصہ دراز کے بعد معاشی،سیاسی اور اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہوا ہے، ہم سب کو اپنی سوچ و فکر کو ایک نقطے پر مرکوز کرتے ہوئے صرف اور صرف پاکستان کو ترجیح دینا ہوگی کچھ سیاسی لیڈران کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کے جس سفر پر نکلا ہے وہ پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ اہل صحافت کا اس ضمن میں کردار بہت اہم ہے۔اِنہوں نے ہمیشہ اپنی آواز اور قلم کو وطن عزیز کی سالمیت کے لئے وقف کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل لاہور میں آل پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام ’’متشدد انتہاپسندی کا پاکستانی معیشت پر اثرات اور اس کا حل‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں شرکاء سے خطاب اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امریکہ کے سانحہ 9/11کے حوالے سے آل پاکستان بزنس فورم کی جانب سے منعقدہ اس سیمینار سے امریکی قونصلیٹ کے چیف آف پولیٹیکل اینڈ اکنامک افیئرز مسٹر رابرٹ سی نیو سم ، آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی ،سیکرٹری سید معاذ محمود نیکٹا کے نذیر احمد ،سٹیزن پولیس لائزن پولیس کراچی کے سربراہ محمد زبیر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ کے چیئرمین رضوان خالد بٹ ،معروف صنعت کار ہارون علی خان جاپانی صحافی مس لیزا گوڈی لو ،سابق سیکرٹری خارجہ نذیر حسین سمیت اعلیٰ سول و پولیس افسران ، ممتاز بینکاروں اور چیمبرز کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا جبکہ سیمینار کے 3سیشنز منعقد ہوئے جن میں سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود ، مسلم لیگ (ن) ٹریڈر ونگ کے صدر محمد علی میاں ، گوجرانوالہ چیمبر کے سابق صدر اخلاق بٹ سرگودھا کے تاجر رہنما شیخ آصف اقبال ، گجرات چیمبر کے سابق صدر پرویز بٹ سمیت دیگر نے خطاب کیا جبکہ مختلف پینلز میں شامل ممتاز شخصیات نے نائن الیون اور پاکستان میں انتہا پسندی کے حوالے سے سوالات کے جوابات بھی دیئے ،گورنر پنجاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ وہ خلوص نیت اور جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ہو کر صرف اور صرف ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنی تمام تر توانائیاں دہشت گردی کے خاتمے، اقتصادی ترقی، معاشی بحالی اور ملک میں امن و امان کو بہتر بنانے میں صرف کررکھی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ دُنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہت بہتر ہوا ہے اور غیر ملکی کاروباری حلقوں میں پاکستان کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ موجودہ حکومت سیاست نہیں بلکہ عوام کی خدمت کررہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جب مسلم لیگ نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کو بے پناہ مسائل درپیش تھے ، ملک بھر میں بارہ سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنک معمول بن چکاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تین سال کے مختصر عرصے میں حکومت نے تمام بڑے چیلنجز پر بڑی کامیابی سے قابو پالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوارکرنے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے ، بلاشبہ تاجر برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پر قوم کو فخرہے جو ملک کو بہت بڑا ریونیو فراہم کرتے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی سرمایہ او ر اثاثہ ہیں اور وطن عزیز کو جب بھی کوئی مشکل گھڑی پیش آئی آپ نے دل کھول کر مدد کی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں ترجیحی بنیادو ں پر حل کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ تاجر برادری اس ملک کو اربوں روپے کا ریونیو دیتے ہیں، دھرنوں، ریلیوں اور آئے روز احتجاج کی وجہ سے سخت پریشان ہیں، ان کے کاروبار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاجی ریلیوں نے ملکی معیشت کو جو نقصان پہنچایا ہے اس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ ایشین ٹائیگر بنانے کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے فولادی عزم کے سامنے ’’دھرنے اور ریلیاں‘‘ دم توڑ چکی ہیں اور ان میں ملوث چند سیاستدان عوام میں اپنا وقار کھو چکے ہیں۔ امریکی قو نصلیٹ کے سیاسی و معاشی امور کے سر براہ مسٹر رابرٹ سی نیوسم نے کہا کہ ہمیں اس امر کا پورا ادراک ہے کہ پاکستان نے دہشت گر دی کا بڑا سامنا کیا اور اس کا بے حد نقصان بھی ہوا ۔ افواج پاکستان سمیت سروسز کے ادارے بھی دہشت گر دی کی لپیٹ میں رہے ۔ پشاور میںآرمی پبلک سکو ل جیسے ادارے کو ٹارگٹ کیا گیا دہشت گر دی کے تمام واقعات پر امریکہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر تا ہے اور انتہا پسندی کے ہر معاملے میں پوری قو ت سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے انتہا پسندی کی وجہ سے پاکستانی معیشت بھی تباہ ہوئی اور صنعتوں کو بھی نقصان پہنچا ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی قیادت بھی دہشت گر دی کے خاتمے کی پوری کو شش کر رہی ہے امریکہ کی بھی یہ ہی خواہش ہے کہ پاکستان سے جلد دہشت گر دی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہو ۔ امریکی قو نصلیٹ کے اعلی افسر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی پچیس سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے ۔ انتہا پسندی نوجوان نسل پر زیادہ اثر انداز ہو رہی ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ نو جوان نسل کو انتہا پسندی کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے اوروہ خود بھی اس کے خاتمے میں کر دار ادا کر یں ۔انسانی حقوق کا احترام سیکیورٹی امور کے حوالے سے بڑا اہم عنصر ہے ہمیں اسے بھی فر وغ دینا ہو گا ۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ اول -