حکومتیں اور نجی شعبہ شرح خواندگی میں اضافے اور پرامن ‘ انصاف پسند ‘ پائیدار اور اجتماعی معاشروں کے لئے ملکر کام کریں ، بان کی مون
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے دنیا بھر کے ممالک کی حکومتوں اور نجی شعبہ سے کہا ہے کہ وہ شرح خواندگی میں اضافے اور پرامن ‘ انصاف پسند ‘ پائیدار اور اجتماعی معاشروں کے لئے ملکر کام کریں ۔ عالمی یوم شرح خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں بان کی مون نے کہا کہ رواں سال پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے جدوجہد کا آغاز ہوگیا ہے۔ اور یہ اہداف دنیا بھر کے لوگوں ،ہماری زمین، شراکت اور امن کے لئے ایکشن پلان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرح خواندگی میں اضافہ ‘ پائیدار ترقی کے اہداف 2030ء کا مرکزی نکتہ ہے۔ یہ انسانی حقوق ‘ صنفی مساوات اور پائیدار معاشروں کی بنیاد ہے۔ یہ غربت کے خاتمہ اور پوری دنیا میں بسنے والے لوگوں کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف 2030ء میں ہر فرد کی معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ اگرچہ گزشتہ پانچ عشروں کے دوران شرح خواندگی میں اضافے کے لئے کافی پیش رفت ہوئی لیکن اس حوالے سے بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی تعلیمی ‘ سائنس اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) نے آج سے 50 سال قبل 1966ء میں 8 ستمبر کو شرح خواندگی کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ یونیسکو کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال عالمی یوم خواندگی کے موقع پر گزشتہ نصف صدی کے دوران شرح خواندگی میں اضافے کی کوششوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔