غیر نمونہ نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن شروع ، استعمال کرنیوالوں کا جی اوآر میں داخلہ بند
لاہور(وقائع نگار)شہر بھر میں غیرنمونہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ، جی او آر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہر بھر میں غیرنمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ ایکسائز ،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔سینئر ممبر سپیشل یونٹ سیلمان صوفی کے مطابق جی او آر میں آنے والی غیرنمونہ نمبر پلیٹس والی سرکاری و غیرسرکاری گاڑیوں کو نوٹس دئے گئے تھے کہ نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کریں بصورت دیگر جی او آر میں داخلہ بند کر دیا جائے گا جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے تمام ڈی سی اوز، کمشنرز اور سیکریٹریزکو خط لکھا گیا تھا کہ گاڑیوں کو نمونہ نمبر پلیٹس لگائیں۔ان کا کہنا تھا کہ احکامات کے بعد جو گاڑیاں اب نمونہ نمبر پلیٹس کے بغیر آئیں گی ان کا جی او آر میں داخلہ بند ہوگا۔