شیڈو کیبنٹ کے قیام کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور اپوزیشن لیڈر کو نوٹس
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد مسعود جہانگیر نے گڈ گورننس کے لئے اپوزیشن لیڈر کی سربراہی میں شیڈو کیبنٹ کے قیام کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔ درخواست گزار لائیرز فاؤنڈیش فار جسٹس کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لئے جامع پالیسی وضع نہیں کی.ملک میں کہیں بھی گڈ گوننس دکھائی نہیں دے رہی حکومتی امور آ مرانہ طرز پر چلائے جا رہے ہیں،انہوں نے موقف اختیار کیا کہ جمہوری حکومت کے باوجود اپوزیشن سے اہم ملکی امور میں مشاورت نہیں لی جاتی جبکہ ملکی اہم معاملات میں اپوزیشن غیر فعال کردار ادا کر رہی ہے،انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی کابینہ کی کارکردگی پر نظر رکھنے ،طرز حکمرانی میں بہتری لانے اور ملک سے کرپشن کی لعنت کے خاتمے کے لئے اپوزیشن لیڈر کی سربراہی میں شیڈو کیبنٹ کی تشکیل کے احکامات صادر کئے جائیں جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ شاہ کو16 ستمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے ۔