جی اوآر ون میں غیررجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری،داخلہ بند
لاہور(پ ر)وزیراعلی کی ہدایت پر غیررجسٹرڈ گاڑیوں اور غیرمنظور شدہ ڈیزائن والی نمبر پلیٹس لگانے والے گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔لاہور کی جی او آر ون میں ایسی تمام گاڑیوں اورموٹرسائیکل رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اورایسی تمام گاڑیاں اور موٹرسائیکلوں کا داخلہ جی اوآر ون میں بند کر دیا گیا ہے۔جو غیررجسٹرڈ ہیں یا جن کی نمبرپلیٹ سرکاری ڈیزائن کے مطابق جاری کردہ نہیں ہے۔جی او آرون سکیورٹی ڈویژن کی طرف سے غیر رجسٹرڈ اور غیر منظورشدہ ڈیزائن نمبر پلیٹ بدلنے کے لئے 7ستمبر کی ڈیڈ لائن کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔سینئر ممبر ایس ایم یو سلمان صوفی نے بتایا کہ آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے صوبہ بھر میں مشتبہ،مشکوک اورغیررجسٹرڈ گاڑیوں اورموٹر سائیکل استعمال کرنے والے کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کر دی ۔سینئر ممبر ایس ایم یوسلمان صوفی نے مزید بتایا کہ غیررجسٹرڈگاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ،اورغیر منظور شدہ ڈیزائن والی نمبر پلیٹ لگانے پرکریک ڈاؤن،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ،پولیس اور ایکسائز کی مشترکہ ٹیمیں کررہی ہیں۔