سعودی عرب اور ایران باہمی مسائل سفارتکاری کے ذریعے حل کریں: پاکستان

سعودی عرب اور ایران باہمی مسائل سفارتکاری کے ذریعے حل کریں: پاکستان

اسلام آباد( اے این این ) پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کو اُمت مسلمہ کے وسیع تر مفاد میں اپنے مسائل سفارتکاری کے ذریعے پرامن طورپر حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔سیکرٹری خارجہ اعزاز احمدچوہدری نے ایرانی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب اور ایران مسلم دنیا کے دو اہم ملک ہیں اور پاکستان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کو سفارتکاری کے ذریعے پرامن طورپر حل کریں۔ انہوں نے کہاکہ ا گر سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے سے تعاون کریں تو اس میں پوری مسلمان دنیا کی بہتری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان امید کرتا ہے کہ مسلمان ممالک کے درمیان وسیع تر امن اور ہم آہنگی ہوگی اور ہم اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور پاکستانی عوام کا ایرانی ثقافت سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کیلئے پرعزم ہے۔

مزید : صفحہ آخر