ڈبلیو ایس ایس پی اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ

ڈبلیو ایس ایس پی اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ

پشاور (پاکستان نیوز)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن انفراسٹرکچر پلاننگ (این آئی یو آئی پی) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا معاہدہ پانچ سال کے لئے کارآمد ہوگا جس پر انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خان زیب خان نے دستخط کئے رجسٹرار ڈاکٹر خضر اعظم، ڈین ڈاکٹر نور محمد اور این آئی یو آئی پی کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر راشد ریحان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے تحقیق کی سرگرمیوں کے فروغ، تربیت اور پیشہ ورانہ انجینئرنگ خدمات کے لئے مشترکہ کوششیں کریں گے، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کے علاوہ ڈیٹا کلیکشن اور تجزیئے کے لئے کام کیا جائے گا، انسٹی ٹیوٹ، ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں کے لئے تربیتی کورس کا اہتمام کرے گا، ڈبلیو ایس ایس پی کے حکام کے لئے پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے لئے مواقع پیدا کئے جائیں گے، مروجہ قواعد ضوابط کے تحت دونوں ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ میں پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی مشترکہ رہنمائی کریں گے، مشترکہ ورکشاپ اور سیمیناروں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔معاہدے کے تحت اعداد وشمارسے انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ اور طلبہ استفادہ کریں گے، مشترکہ تحقیق بھی شائع کی جائے گی۔ ڈبلیو ایس ایس پی، این آئی یو آئی پی کے پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلبہ کے لئے انٹرنشپ اور رریسرچ کے مواقع پیدا کرے گی جبکہ دونوں ادارے ڈبلیو ایس ایس پی کی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ پروگرام کے امکانات کے لئے راہیں بھی تلاش کریں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے معاہدے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی، تحقیقی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے معاہدے کی رو سے نہ صرف ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں کی استعداد کار بڑھے گی بلکہ شہری خدمات کے شعبے میں درپیش مشکلات اور مسائل بارے تحقیق ہوگی جس سے عوام کو سہولت ملے گی اور نتیجتاً ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی انجینئر خان زیب خان نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے خدمات کی فراہمی کو وقت کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ بنانے کے لئے کوششیں کریں گے دونوں ادارے ایک دوسرے کی خدمات سے ا ستفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی خدمات کے شعبے میں تحقیق میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی جبکہ پیشہ ور افرادی قوت کی صلاحیتوں سے بھی فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کا مقصد شہری خدمات میں بہتری لا کر عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر