امن کے پائیدار قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا :سکندر شیرپاؤ

امن کے پائیدار قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا :سکندر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( پاکستان نیوز)سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبے اور پختونوں کے تحفظ اورپائیدار امن کے قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز مردان بار روم اور ضلع مردان کے مختلف علاقوں میں مردان کچہری بم دھماکہ میں شہید ہونے والے وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرسینئر وزیرنے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پوری قوم باالعموم اور پختون قوم باالخصوص مشکل حالات سے گزر رہی ہیں اور انھیں بدامنی کی شکل میں ایک سنگین مسئلے کا سامنا ہے جس سے چھٹکارہ پانے کیلئے مشترکہ کاؤشوں کی ضرورت ہے۔سکندر شیرپاؤ نے غم زدہ خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم آپ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔انھوں نے کہا کہ اس المناک گھڑی میں پوری قوم کی ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل کی گھڑی میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ پختونوں کے تحفظ اور پختون مٹی کی حفاظت کو فرض اولین سمجھتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،پارٹی کے وکلاء اور ضلع مردان کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کے علاوہ پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔