محنت کشوں کی طبی سہولیات کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں : انیسہ زیب

محنت کشوں کی طبی سہولیات کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کی وزیرِ محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کے ہسپتالوں اور چھوٹے شفاخانوں میں جدید طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی کمی کو ہر حالت میں جلد از جلد پورا کر رہی ہے تاکہ نہ صرف محکمہ محنت کے تحت محنت کشوں کی طبی سہولیات کیلئے قائم ان طبی اداروں میں ہر طرح کی سہولت میسر ہوں بلکہ ان اداروں پر عوام کا اعتماد قائم ہو اور انہیں دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے بہترین ہسپتالوں میں تبدیل کیا جائے۔ ای ایس ایس آئی کے ہسپتالوں کیلئے این ٹی ایس کے ذریعے شفاف انداز میں ڈاکٹروں کی بھرتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ صنعتی بستیوں میں قائم طبی مراکزمیں ضرورت کے مطابق سرجنز، سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور گائنا کالوجسٹ کے علاوہ ہر شعبہ کے سینئر ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل بھی اگلے مرحلے میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کے روز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن(ای ایس ایس آئی) کے صوبائی دفتر کوہاٹ روڈ پشاور میں نئے بھرتی ہونے والے میل و فی میل ڈاکٹروں کو تقرر نامے فراہم کرنے کی تقریب سے بطورِ مہمان خصوصی خطا ب کے دوران کیا۔واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے ای ایس ایس آئی میں ڈاکٹرز کی بھرتی کا عمل این ٹی ایس کے ذریعے صا ف و شفاف انداز میں سر انجام دیا ہے جس کے ذریعے میرٹ کے مطابق ان ڈاکٹرز کی بھرتی عمل میں لائی گئی ہے۔ منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ای ایس ایس آئی انور خان کے علاوہ ادارے کے دیگر اعلیٰ آفسران اور ڈاکٹرز بھی مو جو د تھے۔نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹروں جن میں سرجن ، گائنا کالوجسٹ اور میل و فی میل میڈیکل آفیسر شامل ہیں کو پشاور، مردان، مانسہرہ، حطار ہری پور، صوابی ، چارسدہ، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان میں سوشل سیکورٹی کے طبی اداروں اور ہسپتالوں میں تعینات کیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹر ز کو ملازمت کے تقرر نامے حوالہ کرکے انہیں مبارکباد دی ۔ منعقدہ تقریب سے صوبائی وزیر نے اپنے خطا ب میں کہا کہ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کے طبی اداروں کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس فراہم کرنا زیرِ غور ہے تاہم اس مسئلے کوای ایس ایس آئی کی گورننگ باڈی کی بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور ادارے کے مالی معاملات کو سامنے رکھتے ہوئے اس سلسلے میں بورڈ حتمی فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ محنت کشوں کیلئے قائم مذکورہ طبی مراکز میں بہترین ڈاکٹرز کی تقرری ممکن ہو سکے تاکہ لیبر ورکرز کو ہر طرح کی مفت طبی سہولیات میسر ہوں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مذکورہ ہسپتالوں میں ایڈوانس میڈیکل ٹسٹ اور دیگر درکار آلات کی دستیابی کو ہر حالت میں ممکن بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کمی بیشی باقی نہیں رہے گی۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے ای ایس ایس آئی کے پولی کلینک ہسپتال کوہاٹ روڈ پشاور کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایکسرے روم، لیبارٹری، کیجولٹی ، مفت ادویات اور دیگرحصوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور علاج معا لجے کے بارے میں دریافت کیا۔