عالمی دباؤ جوتے کی نوک پر، شمالی کوریا نے پھر ایٹمی تجربہ کرلیا، امریکہ اور جاپان کی سخت وارننگ ، چین کی بھی مخالفت

عالمی دباؤ جوتے کی نوک پر، شمالی کوریا نے پھر ایٹمی تجربہ کرلیا، امریکہ اور ...
عالمی دباؤ جوتے کی نوک پر، شمالی کوریا نے پھر ایٹمی تجربہ کرلیا، امریکہ اور جاپان کی سخت وارننگ ، چین کی بھی مخالفت

  


پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی کوریا نے تمام تر عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے پانچواں  ایٹمی تجربہ کرلیا ہے۔ کورین ٹی وی نے حکام کے حوالے سے تجربہ کامیاب ہونے کی تصدیق کردی ہے۔شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی "کے سی این اے" پر اناؤنسر نے ملک کے نیوکلیئر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا ایک بیان پڑھا جس میں تصدیق کی گئی کہ مختلف نوعیت کے میزائلوں کے ذریعے لے جانے کے لیے تیار کیے گئے جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت جانچنے کے لیے یہ کامیاب جوہری تجربہ کیا گیا۔"جوہری وار ہیڈ کا تجربہ ان امریکہ اور دشمنوں کی طرف سے خطرات اور پابندیوں کے جواب میں کیا گیا جو جوہری ریاست کے طور پر ہماری حیثیت سے انکار کرتے ہیں۔"شمالی کوریا کی جانب سے کیا گیا  مجموعی طور پرپانچواں  اور رواں سال کا دوسرا  ایٹمی تجربہ ہے جو ملک کے قومی دن کے موقع پر کیا گیا ہے۔اس سے پہلے جمعے کی صبح ملک میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جس کے بعد خطے میں صورتحال بھی کشیدہ ہوگئی تھی۔جاپان اور جنوبی کوریا نے زلزلے کو شمالی کوریا کی جانب سے پانچویں ایٹمی دھماکے کا نتیجہ قرار دیا  تھا جبکہ امریکہ نے بھی سخت وارننگ جاری کردی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ریکٹر سکیل پر شدت پانچ اعشاریہ تین رہی۔

جنوبی کوریا  کی جانب سے بھی دھماکے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ جاپان نے واضح کیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ، امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔ چین نے بھی ایٹمی تجربے کی سختی سے مخالفت کی ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چین شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کی مخالفت کرتا ہے

بی بی سی کے مطابق حال ہی میں سیٹلائٹ سے دستیاب ہونے والی تصاویر اور خفیہ ذرائع سے پتہ چلا تھا کہ پنگائری کے مقام پر نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے، یہی وہ جگہ ہے جہاں ماضی میں بھی شمالی کوریا جوہری تجربہ کر چکا ہے۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر کسی بھی طرح کے ایٹم بم یا میزائل ٹیکنالوجی کا تجربے کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہےاس کے باوجود حالیہ مہینوں میں اس نے کئی میزائل تجربات کئے ہیں ،اپنے دشمنوں پر ایٹمی حملے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔تازہ ترین حملہ شمالی کوریا کے قومی دن(نو ستمبر) کے موقع پر کیا گیا ہے، اس روزملک بھر میں خصوصی تقریبات ہوتی ہیں،فوجی طاقت کا مظاہرہ بھی کیا جاتا ہے۔شمالی کوریا نے رواں سال جنوری میں بھی ایٹمی تجربہ کیا تھا  جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ ایک ہائیڈروجن بم تھا لیکن اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔شمالی کوریا امریکہ تک مار کرنے والے میزائل کی تیاری کو اپنا ہدف بھی قرار دے چکا ہے۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں


loading...