انیل کپور بھی پریانکا چوپڑا کی زلفوں کے اسیر نکلے ،میڈیا کے سامنے اداکارہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فلموں کے بڑے سٹار اداکار انیل کپور 2015ء میں اپنی ریلیز ہونے والی فلم ’’دل دھڑکنے دو‘‘ کی ہیروئین پریانکا چوپڑا کی کامیابیوں پر پھولے نہیں سما رہے ،انیل کپور کا کہنا ہے کہ پریانکا چوپڑا جس انداز میں بلندیوں کو چھو رہی ہیں وہ ان کی مقبولیت پر بڑے خوش ہیں۔
بھارتی نجی چینل’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق پریانکاکے پروڈکشن ہاؤس کی پہلی مراٹھی فلم ’’وینٹی لیٹر‘‘ کے ایک گیت کی لانچنگ کے موقع پر منعقد ہ تقریب میں 59 سالہ انیل کپور نے ’’دل دھڑکنے دو‘‘ کی اپنی شریک اداکارہ 34سالہ پریانکا چوپڑا کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ میں پریانکا کے بارے میں جو بھی کہوں وہ کم ہے،میں بہت خوش ہوں کہ آج نہ صرف ہندوستانی ناظرین بلکہ پوری دنیا ان کی تعریفوں کے پل باندھ رہی ہے۔انیل کپور کا کہنا تھا کہ پریانکا بلاشبہ اس وقت ایک عالمی سٹار بن چکی ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ میری ساتھی اداکارہ پوری بھارتی فلم انڈسٹری کے لئے دنیا بھر میں فخر کا باعث بنی ہوئی ہیں ۔