بھارت کے سرپر جنگی جنون سوار،طاقت سے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے مزید فوج وادی میں بھیجنے کا پروگرام بنا لیا
سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے سرپر جنگی جنون سوار،طاقت سے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے مزید فوج وادی میں بھیجنے کا پروگرام بنا لیا۔
بی بی سی کے مطابق بھارتی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل دلبیر سنگھ نے وادی کے چار اضلاع کا دورہ کیا جہاں گزشتہ دو ماہ سے شدید عوامی احتجاج کیا جا رہا ہے۔جنرل سنگھ کو جنرل آفیسر کمانڈنگ آف چنار کور کے لیفٹیننٹ جنرل ستیش دو نے سکیورٹی صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ جنرل سنگھ نے لائن آف کنٹرول پر واقع فوج سرحدی چوکیوں کا بھی معائنہ کیا۔
بھارت نے جدوجہدآزادی دبانے کیلئے کشمیریوں کے قتل کامنصوبہ بنایا ، ایسی کارروائی کے سنگین نتائج ہوں گے:علی گیلانی
پی ٹی آئی نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ جنرل سنگھ نے وادی کےشمالی اور جنوبی حصوں میں فوجی دستوں سے بھی ملاقات کی،کشمیر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو وادی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی نماز کے بعد اجتجاج کے خدشات کے پیش نظر کئی جگہوں پر کرفیو میں سختی کر دی گئی ہے۔
کشمیر میں گزشتہ دو ماہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہے اور عوامی احتجاج پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور طاقت کے استعمال میں اب تک تہتر شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ایک پولیس اہلکار کے مطابق کشمیر میں انننتناگ، پلواما، کلگم، شوپیاں، پمپور، اوانتی پورا، ترل، بارامولا، پتن اور پلہالن کے علاوہ سری نگر کے چودہ پولیس اسٹشینوں کے علاقوں میں کرفیو میں سختی کر دی گئی ہے۔