چینی قیادت کو منصوبے کی شفافیت پر پورا اعتماد ہے ،سی پیک قیامت تک چلے گا اور اربوں ڈالر آئیں گے :شہباز شریف

چینی قیادت کو منصوبے کی شفافیت پر پورا اعتماد ہے ،سی پیک قیامت تک چلے گا اور ...
چینی قیادت کو منصوبے کی شفافیت پر پورا اعتماد ہے ،سی پیک قیامت تک چلے گا اور اربوں ڈالر آئیں گے :شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہو(سٹی رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری کر رہی ہے - پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ملک پچاس بہترین یونیورسٹیوں میں جانے والے طلباءو طالبات اور چینی زبان سیکھنے چین جانے والے 130 طلباءو طالبات کا انتخاب خالصتا میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے - بیرون ملک جانے والے قوم کے ان ہونہار بیٹوں اور بیٹیوں نے بغیر سفارش، بغیر رشوت،بغیر دھاندلی اور بغیر ملی بھگت اپنی محنت کے بل بوتے پر یہ سکالرشپس حاصل کئے ہیں - انشاءاللہ جب یہ بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس آئیں گے تو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے - وزیر اعلی شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیر اعلی میں چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام ، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور نویں جماعت کے امتحان میں 505 میں سے 500نمبر حاصل کرنے والے 18 طلباءو طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- وزیر اعلی نے پی ایچ ڈی او رچینی زبان سیکھنے کےلئے بیرون ملک جانے والے طلباءو طالبات کے ساتھ نویں جماعت کے امتحان میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو بھی مبارکباد دی-چین کے قونصل جنرل یوبورن، صوبائی وزراءذکیہ شاہنواز ، رانا مشہود احمد، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، اساتذہ ، دانشور ، کالم نگار ، طلباءو طالبات کے والدین کے علاوہ طلباءو طالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی- وزیر اعلی نے چینی زبان سیکھنے کیلئے چین جانے والے طلباءو طالبات، پی ایچ ڈی کے لئے دنیا کی نامور یونیورسٹیوں میں جانے والے طلباءوطالبات اور نویں جماعت کے امتحان میں 500 سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلباءوطالبات کو لیپ ٹاپ بھی دیئے- وزیر اعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ان ذہین اور قابل طلباءو طالبات کے اعزاز کیلئے منعقد کی گئی ہے جنہوں نے محنت ، میرٹ اور شفافیت کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے - پنجاب حکومت اپنے اخراجات پر 500 طلباءو طالبات کو چینی زبان سکھانے کے لئے چین بھجوا رہی ہے - 66 طلباءو طالبات پر مشتمل پہلا بیج بیجنگ میں چینی زبان سیکھ رہا ہے جبکہ 130 طلباءو طالبات کا یہ بیج بھی چینی زبان سیکھنے جلد بیجنگ جا رہا ہے - اسی طرح پی ایچ ڈی کیلئے 33 طلباءو طالبات کا انتخاب کیا گیا ہے اور یہ طلباءو طالبات کیمرج ، آکسفورڈ امپیریل یونیورسٹی ، نیشنل یونیورسٹی سنگا پور اور دنیا کی دیگر نامور یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کریں گے - پنجاب حکومت اس ضمن میں ان طلباءوطالبات پر جو خرچہ کر رہی ہے وہ اخراجات نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری ہے - چینی زبان سیکھ کر پاکستان واپس آنے والے طلباءو طالبات پاکستان اور چین کے مابین ایک پل کا کردار ادا کریں گے کیونکہ اس پروگرام میں پاکستان کے دیگر صوبوں کے بچو ں اور بچیوںکو بھی شامل کیا گیا ہے - اس طرح بیجنگ کا لاہور ، کوئٹہ ، پشاور اور کراچی کے درمیان رابطہ مضبوط ہو گا اور ترقی اور خوشحالی کا سفر مزید تیز ہو گا - مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے یہ بچے و بچیاں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے اور ترقی کے نئے مینار کھڑے کریں گے - انہوںنے کہا کہ پاکستان کے یہ ہونہار بچے اور بچیاں سی پیک کو آگے بڑھانے میں ممدومعاون ثابت ہوں گے - کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ زبان سیکھنے کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے اورزبان سیکھ کر ہمیں ایک دوسرے کی اقدار، معاشرتی پہچان اور سماجی تعلقات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے -چینی زبان سیکھ کر 500 بچے و بچیاں جب پاکستان کے کونے کونے میں پھیلیں گے تو یہ ایک بڑے پل کا کام کریں گے اور اس لئے حکومت پنجاب نے ان بچوں کو چینی زبان سیکھنے کے لئے بیجنگ بھجوانے کا انقلابی اقدام اٹھایا ہے - ان بچوں اور بچیوں کی وجہ سے سی پیک میں بے پناہ اضافہ ہو گا - سی پیک آج یا کل کےلئے نہیں یہ قیامت تک چلے گا اور اس میں ارب ہا ڈالر مزید آئیں گے - وزیر اعلی نے کہا کہ سی پیک بھی چین کے صدر شی جن پنگ کے” ون بیلٹ ون روڈ“ کا حصہ ہے لیکن جس قدر اس شاندار ویژن کی حمایت ہو رہی ہے اس کی مخالفت بھی اتنی شدید ہو چکی ہے اور ہمسایہ ملک میں اس کے خلاف لابی کی جا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری بندرگاہ کے سامنے ایک اور بندرگاہ بنائی جارہی ہے اور اس ضمن میں مختلف ملکوںکا گٹھ جوڑ سامنے آرہا ہے کیونکہ سی پیک بھارت سمیت بعض ممالک کو ایک آنکھ نہیں بھاتااور یہ عظیم الشان منصوبہ ان کے پیٹ میں درد کر رہا ہے - خاص طور پر بھارت کے وزیر اعظم مودی نے بلوچستان کے خلاف زبان درازی کی ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کی معیشت کو جو تقویت اور طاقت ملے گی، مجھے یقین ہے اس سے پاکستان بھارت سے آگے نکل جائے گا اور اپنا لوہا منوائے گا- وزیر اعلی نے طلباءوطالبات کیلئے چین کے ویزوں کے اجراءمیں بھرپور تعاون پر چینی قونصل جنرل یوبورن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلباءو طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتو ںاور محنت کے ساتھ چینی زبان سیکھیں اور چین میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کریں کیونکہ آپ نے اس سرمایہ کاری کو پاکستان کو واپس کرنا ہے جو آپ پر کی جا رہی ہے لہذا آپ کی ذمہ داری ہے کہ چین میں تعلیم کے دوران وقت کی پابندی کریں اور پاکستانی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھیںکیونکہ آپ چین میں پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور آپ نے کردار اور گفتار سے اس بات کو ثابت کرنا ہے - انہوںنے کہا کہ سی پیک چین کا پاکستان کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے اور سی پیک کے منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی- بہاولپور سولر پارک میں برق رفتاری سے سولر منصوبہ مکمل کیا گیا ہے - اسی طرح ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور پراجیکٹ پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ 2017 ءکے وسط میں مکمل ہو جائے گا - سی پیک کے منصوبے سے ملک کے اندھیرے چھٹیں گے اور معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا ، زراعت اور صنعت کے شعبے ترقی کریں گے - انہوںنے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور چین کے صدر شی جن پنگ ، چین کے وزیر اعظم ، چینی سفیر او رچینی عوام نے یہ عظیم الشان منصوبہ دے کر پاکستان کے عوام کی بھرپور مدد کی ہے اور اب اس منصوبے پر دن رات کام جاری ہے - اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ یہ شفاف ترین عوامی منصوبہ ہے اور چین کی قیادت اور حکومت کو بھی اس منصوبے کی شفافیت پر پورا اعتماد ہے -یہی وجہ ہے کہ چینی حکومت میٹروٹرین کے منصوبے کے لئے اربوں روپے دے چکی ہے اور انہیں یقین ہے کہ منصوبے پر کام بھی اسی رفتار سے ہو گا - یہ وہ منصوبہ ہے جس پر ایک مزدور ، بیوہ، کلرک ، طلباءو طالبات ، صحافی، سیاستدان ، اساتذہ ، وائس چانسلر، جج اور جرنیل بھی سفر کریں گے - مجھے پوری امید ہے کہ پاکستان میں میٹروریل کا یہ پہلا منصوبہ مشکلات و چیلنجز کے باوجود وقت پر مکمل ہو گا اور ٹرانسپورٹ نظام میں ایک انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا-اگرچہ عدالت عالیہ نے کچھ مقامات پر سٹے آرڈر دیا ہے وہاں پر کام نہیں ہو رہا لیکن اس منصوبے کے دیگر مقامات پر دن رات کام جاری ہے اور ہم عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکر رہے ہیں- میں سمجھتا ہوں کہ 27 کلومیٹر طویل میٹروٹریک کے سول ورکس کو مکمل کرنا ایک چیلنج رہے گا لیکن عوام کی دعا¶ں سے یہ منصوبہ وقت پر مکمل کرلیا جائے گا کیونکہ یہ لاہور یا پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور چین نے میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستانی قوم کو تحفہ کے طور پر دیا ہے اور ہم پاکستان کے عوام اور چین کی توقعات پر پورا اتریں گے - وزیر اعلی نے کہا کہ جس طرح نویں جماعت کے ہونہار طلباءو طالبات نے 505 میں سے 500 سے زائد نمبر لئے ہیں، اگر اسی طرح کی مسابقت اور امنگ زندگی کے ہر شعبے میں پیدا ہو جائے تو کوئی پاکستان کا راستہ نہیں روک سکتاکیونکہ یہ محنت ، دیانت اور میرٹ کا راستہ ہے - صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ اور ذہین طلباءو طالبات کیلئے اعلی تعلیم کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں اور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں اس فنڈ کا حجم 17 ارب روپے ہو چکا ہے جس سے ڈیڑھ لاکھ طلباءو طالبات کو وظائف دیئے جا رہے ہیں جبکہ مزید 50 ہزار طلباءو طالبات کو وظائف دیئے جائیں گے - یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ر¶ف اعظم نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے چینی زبان سیکھنے کے لئے 500 طلباءو طالبات کو چین بھجوانے کی ہدایت کی ہے - طلباءو طالبات کا انتخاب بغیر سفارش مکمل طور پر شفافیت پر مبنی میرٹ کے نظام پر کیا گیا ہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے ان بچوں اور بچیوں کے سر پر دست شفقت رکھا ہے جو وسائل کی کمی کی بنا پر تعلیم حاصل نہیں کر سکتے تھے- یہ ایثار، قربانی اور اخوت کی وہ فصل ہے جو جب کٹے گی تو بردباری اور تحمل پر مبنی معاشرے کی تعمیر میں ممدو معاون ثابت ہو گی-چین کے قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف جو کہتے ہیں وہ کر دکھاتے ہیں اور چین کی قیادت اور عوام میں بھی شہباز شریف پاکستان کے عوام کی طرح بہت مقبول اور ہردلعزیز ہیں - شہباز شریف مین آف ایکشن ہیں اور ان کا تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے ویژن قابل ستائش ہے - انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب میں ایک مثالی سپیڈ کے ساتھ منصوبوں پرکام ہو رہا ہے - قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 300 میگا واٹ کا سولر منصوبہ برق رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے - اسی طرح ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کول پاور پراجیکٹ پر 65 فیصد سول ورکس مکمل ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ 2017 کے وسط میں مکمل ہو جائے گا - انہوںنے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر بھی انتہائی تیزی سے کام جاری ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو گا- وزیر اعظم محمدنواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا نام پاک چین دوستی کو عروج پر پہنچانے کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف

مزید :

لاہور -