کرکٹ کے بعد ہاکی اور فٹ بال کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی : نجم سیٹھی

کرکٹ کے بعد ہاکی اور فٹ بال کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی : نجم سیٹھی

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئرمین نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ سیزن IIفائنل کے پاکستان میں انعقاد سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلے ،کرکٹ کے بعد ہاکی اور فٹ بال کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی ،بھارتی کرکٹ بورڈ سے سیریز کھیلنے کا معاہد ہ ہے اورمستقبل قریب میں پاک بھارت سیریز کی کوشش کی جائے گی اوراگر بھارت نے پاکستان کے سیریز نہ کھیلی تو اس کوبھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا ، ان خیالات کااظہارانہوں نے ارفع کریم ٹاور میں کرکٹ کے کھیل کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چےئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاکہ بگ تھر ی کے وقت پاکستان کے ووٹ سے فائدے حاصل کئے جس میں پاک بھارت سیریز کا معاہدہ اور ظہیر عباس کاآئی سی سی کا صدر بننا تھا ۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل سیزن IIکا فائنل لاہور میں کرانے سے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلے ہیں ۔ورلڈ الیون کے بعد سری لنکا کو پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی جائے گی اس کے بعد ویسٹ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی ۔ا نہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں4میچز کراچی میں کرانے کی کوشش ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی اور فٹ بال کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی ۔ہاکی کی ٹیم میں با صلاحیت کھلاڑی موجود ہیں مگر مینجمنٹ ٹھیک نہیں ۔انہوں نے کرکٹر شاہد آفریدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی پاکستان کا شہزادہ ہے ۔ورلڈ الیون کے ساتھ میچز کیلئے شاہد آفرید ی کو کپتانی کی پیشکش کی تھی مگرانہوں نے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت لاہو رکو محفو ظ بنایا جارہا ہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...