آزادی کپ ، شاہینوں کی ’’ورلڈ ‘‘ فتح کرنے کیلئے تربیتی مشقیں جاری

آزادی کپ ، شاہینوں کی ’’ورلڈ ‘‘ فتح کرنے کیلئے تربیتی مشقیں جاری

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے مابین آزادی کپ ٹی 20 سیریز کیلیے قومی پلیئرز کا تربیتی کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔گزشتہ روز گراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ پریکٹس پر اکتفا کرنے والے قومی کرکٹرز نے جمعہ کے روزدوسرے روز بیٹنگ اور بولنگ میں اپنی صلاحیتوں کو آزمایا، ورلڈ الیون کا اسکواڈ 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گا اور اسی روز شام کو قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گا۔کیریبین لیگ سے واپس بلائے جانے والے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان نے ابھی تک کیمپ جوائن نہیں کیا اور توقع ہے کہ وہ آج شام کو کیمپ جوائن کر لیں گے۔ سر پر سہرا سجانے والے رومان رئیس کل رپورٹ کریں گے جبکہ محمد عامر کے گھر پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کی وجہ سے ان کی کیمپ میں شرکت تاحال غیریقینی ہے۔ آزادی کپ کیلیے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی