تحریک انصاف کلچرل ونگ کی شہداء کے عزیز و اقارب کے اعزاز میں تقریب

تحریک انصاف کلچرل ونگ کی شہداء کے عزیز و اقارب کے اعزاز میں تقریب

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ آزادی کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، اس آزادی کو قائم رکھنے اور ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے 65ء کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے بہادر فوجی جوانوں نے بہادری اور جرأت کی تاریخ رقم کی اور اپنے سے کئی گنا بڑے اور اسلحہ کی قوت سے تکبر میں مبتلا دشمن کے چھکے چھڑا دیئے۔ تحریک انصاف کلچرل ونگ کی طرف سے گزشتہ روز لاہور آفس میں پاک فوج کے شہدا کے عزیز و اقارب کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کی صدارت ولید اقبال صدر لاہوراور میاں حماد اظہر سیکرٹری جنرل نے کی ، تقریب کے مہمان خصوصی سابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ولید اقبال، میاں حماداظہراور چوہدری محمد سرورکاکہنا تھا کہ قوم میں آج بھی 65ء والا جذبہ موجود ہے اور پاکستان کا ہر نوجوان دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیواربن کر کھڑا ہے۔ اب ’’ ڈو مور‘‘ کرنے کی باری دنیا کی ہے۔ پاکستان پہلے ہی بہت قربانیاں دے چکاہے ۔ مقررین نے کہا کہ شہدائے وطن کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کا خون ہم پر قرض ہے، جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرتی ۔ تقریب میں کلچرل ونگ کے میاں سہیل اسماعیل ، شیخ امتیاز محمود، نعیم الحق ، عاطف چوہدری ، طارق حمید، ملک عثمان حمزہ، حارث بھنڈارا، حفیظ طاہر ، سلمان نادر، اسدغالب، عمیر چیمہ ، فائزہ ورک، سیدہ حنا ، افراز نقوی، انیلا ریاض اوردیگر رہنما ، کارکنان اور لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1