ٹیچنگ ہسپتالوں میں گردوں کے ٹرانسلانٹ شروع کرنیکا فیصلہ

ٹیچنگ ہسپتالوں میں گردوں کے ٹرانسلانٹ شروع کرنیکا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کینسر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان ر فیق نے کہا ہے کہ مریضوں کی سہولت کے لئے صوبے کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں جہاں یورالوجی ڈیپارٹمنٹ کام کر رہا ہے، ان ہسپتالوں میں کڈنی ٹرانسپلانٹیشن کے آپریشن شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم ہر کیس کی منظوری پنجاب ہیومن آرکنزٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی سے حاصل کرنا ضروری ہو گا اور مریضوں کی آسانی کے لئے راولپنڈی اور ملتان میں (PHOTA) کے سب آفس قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو لاہور نہ آنا پڑے ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فیصل آباد میں بھی اتھارٹی کا سب آفس قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، ڈائریکٹر جنرل پروفیسر فیصل مسعود ، پنجاب ہیلتھ کےئر کمیشن سے پروفیسر ڈاکٹر ریاض تسنیم ، گیسٹروانٹرولوجی سوسائٹی آف پاکستان کے صدر پروفیسر غیاث النبی طیب ، صدر پی ایم اے ڈاکٹر اظہار چوہدری ، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنکل ڈاکٹر محسن ، محکمہ داخلہ او ر دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اتھارٹی کے سب آفسز کا لاہور میں PHOTA کے ہیڈ آفس کے ساتھ ویڈیولنک پر رابطہ ہو گا جس کے ذریعے گردے کے مریض او ر عطیہ کرنے والے سے لاہور سے سوالات و جوابات اور دیگر معاملات طے کئے جائیں گے اور لوگوں کو لاہور نہیں آنا پڑے گا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ہیومن آرگنز پروکیورمنٹ کمیٹی قائم کی جائے گی جو انسانی اعضاء عطیہ کرنے کے خواہشمند افراد سے رابطہ کرے گی او ر اس حوالے سے مکمل چھان بین کرنے کی ذمہ داری بھی کمیٹی کے سپرد ہو گی ۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ انسانی اعضاء عطیہ کرنے کے کلچر کو فروغ دینے اور لوگوں کو اپنے پیاروں کی جانیں بچانے کے لئے اعضاء عطیہ کرنے کے لئے ترغیب دینے اور آگاہی فراہم کرنے کے لئے ایک مستقل فورم قائم کیا جائے گا جس میں علماء اکرام کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بھر پور آگاہی اور تشہری مہم کی منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں انسانی اعضاء کا عطیہ کرنے والے او رمریضوں کی رجسٹریشن اور ڈیٹا جمع کرنے کے لئے رجسٹری بنانے کی بھی ہدایت کی ۔پروفیسر فیصل مسعود نے کہا حادثات اور دیگر واقعات میں دماغی موت کا شکار افراد کے لواحقین مرنے والے کے اعضاء مریضوں کو دے کر ان کی جانیں بچا سکتے ہیں جیسا کہ دنیا بھر میں ہوتا ہے تاہم اس سلسلہ میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو (Cadaveric) ڈونیشن رضا کارانہ طور پر دینے کے لئے قائل کرنا ہو گا ۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں کڈنی ٹرانسپلانٹیشن شروع کرنے اور دیگر معاملات کی وزیر اعلی پنجاب سے منظوری کے لئے ایک پریزنٹیشن تیار کی جائے جو وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی برطانیہ سے واپسی پر انہیں پیش کی جائے گی ۔