محکمہ صحت کے ہزاروں بیڈز کی خریداری میں بے ضابطگیوں پر تحریک التواء جمع
لاہور (پ ر) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ز، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ، ریجنل ہیلتھ سینٹرز اور بیسک ہیلتھ یونٹس کے لئے خرید ے گئے کروڑوں روپے مالیت کے 9ہزار بیڈز کی خریداری میں بے ضابطگیوں پر پنجا ب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔
اپنی تحریک التوائے کار جمع کروانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے خدیجہ فاروقی ن کہا کہ بڑی تعداد میں بیڈز کی خریداری کے لئے نجی کمپنی کو قوائدو ضوابط سے ہٹ کر ٹھیکہ دیا گیا جس سے محکمہ کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا عمل شروع کررکھا ہے جس کے لئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے9ہزار بیڈز مالی سال2016-17میں خریدے جس میں مبینہ طور پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے ۔بیڈ فراہم کرنے کیلئے محکمہ نے جس کمپنی کو ٹھیکہ دیا وہ قوائد و ضوابط پر پوری نہیں اترتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں بیڈز کی خریداری میں کرپشن کو ایوان میں زیر بحث لایا جائے اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے ایوان کو آگاہ کیا جائے ۔