انتخابی نشان عقاب نہ مل سکا،اے پی ایم ایل نے الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا

انتخابی نشان عقاب نہ مل سکا،اے پی ایم ایل نے الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا

  



لاہور( جنرل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ پاکستان کے چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120میں اے پی ایم ایل کے امیدوار سیدوسیم شاہ کو اے پی ایم ایل کا انتخابی نشان ’’عقاب‘‘ نہ دینے کی وجہ سے اس ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں سید وسیم شاہ ‘ سید ہادی شاہ‘ سید ہمایوں شرافت‘ چودھری نواز ش علی وڑائچ اور میاں عدنان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سید فقیر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اے پی ایم ایل الیکشن کمیشن میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور ہمارا انتخابی نشان عقاب ہے اسی نشان سے الیکشن لڑ کر چترال سے عام انتخابات میں ہمارا ایک ایم این اے بھی ہے ہم نے کئی بار الیکشن کمیشن پنجاب سے رابطہ کیا کہ ہمیں ہمارا انتخابی نشان عقاب دیا جائے لیکن انہوں نے ایک آزاد انتخابی نشان نلکا آلاٹ کردیا جس پر اب ہم نے مشاورت کے ساتھ اس ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور جہاں تک اس ضمنی الیکشن میں کسی اور سیاسی جماعت کو سپورٹ کرنے کا تعلق ہے تو اس کا فیصلہ ہم اپنی کور کمیٹی کا اجلاس بلا کر کریں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1