ٹاؤن شپ سے اکبر چوک تک برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی
لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) ٹاؤن شپ کے زیر اہتمام یونین کونسل 232کے چئیرمین اجمل ہاشمی اور علامہ غلام شبیر فاروقی کی قیادت میں المدینہ چوک ٹاؤن شپ سے اکبر چوک تک برماکے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کیخلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔جس میں رانا سلیم ‘ آغا زاہد‘ عدیل خان ‘ زاہد کریم ایڈووکیٹ‘ مرزا ریحان‘ ملک اشفاق‘ معین بٹ‘ عدیل رومی ‘ اقبال بارا‘ حافظ فرید ‘ توصیف خان‘ چودھری سلیم اور افضال خان سمیت ٹاؤن شپ کے مسلم لیگی ورکرز اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس پر اجمل ہاشمی اور علامہ غلام شبیر فاروقی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور اوآئی سی کو برما میں مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات کر نے چاہئے روہنگیا حکومت نے برمی مسلمانوں پر ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے برما میں مسلمانوں کی نسل کشی ، بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے ایسے اقدامات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ برما کے معصوم اور بے گناہ مسلمان ریاستی اداروں کی طرف سے ظلم و بربریت کا شکار ہیں جس سے میانمار میں نام نہاد جمہوری قیادت بے نقاب ہوچکی ہے برما میں مسلمانوں کیخلاف ریاستی طاقت کے استعمال اور نسل کشی کیخلاف امت مسلمہ میں شدید غم وغصہ پایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ انسانیت کی پیشانی پر بدنما داغ ہے میانمار میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مسلمانوں کے قتل عام سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ۔ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر برما کے مظلوم مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف روہنگیا حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی تحریر کی گئی تھی۔