عمران خان کا دورہ پی ٹی آئی کارکنوں میں نئی روح پھونک دیگا،عبدالعلیم خان

عمران خان کا دورہ پی ٹی آئی کارکنوں میں نئی روح پھونک دیگا،عبدالعلیم خان

  



لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا دورہ پارٹی کارکنوں میں نئی روح پھونک دے گا اور پی ٹی آئی کا ہر ورکر این اے120کے الیکشن کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پر لڑے گا انہوں نے کہا کہ ہم حلقہ این اے 120میں نواز لیگ کے تمام اوچھے ہتھکنڈے ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں،پی ٹی آئی صرف ایک حلقہ میں نہیں،پوری حکومتی مشینری کیخلاف الیکشن لڑرہی ہے پی ٹی آئی لندن کے صدر وحید الرحمان سے چیئرمین سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کپتان کا ہرکھلاڑی نواز لیگ کے داغدار ماضی اور سیاسی غنڈہ گردی سے واقف اوربھرپور مقابلہ کرنے کا عزم رکھتا ہے،عمران خان کی آمد نے کارکنوں کے حوصلے مزید بلند کردیئے ہیں ،حلقہ این اے 120میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے والے ارکان اسمبلی، غلامی کرنے والے سرکاری اداروں اور گلوبٹوں سب کے حربے ناکام بناتے ہوئے الیکشن میں پی ٹی آئی کامیابی حاصل کرے گی، زندہ دلان لاہور جاگ چکے ہیں اور کرپٹ مافیاسے نجات پانے کیلئے بیتاب ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کرینگے کہ نواز خاندان کا سیاسی مستقبل تاریک اور پاکستان کا روشن ہوچکا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکمران ٹولے کے گلوبٹوں کو غنڈہ گردی کیلئے کھلاچھوڑدینے والے پولیس حکام ایک خاندان کی خوشنودی کیلئے آئین اور قانون سے غداری کررہے ہیں، پی ٹی آئی کی خواتین کیساتھ بدتمیزی کرنے والوں پر بھی ہاتھ نہیں ڈالا جاتا، دوسری جانب سرکاری ادارے مریم نواز کی الیکشن میٹنگز میں ذاتی ملازموں کا کردار ادا کرتے ہوئے ہرممکن سہولت فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حلقہ این اے 120میں ملکی سرمایہ پانی کی طرح بہایا جارہا ہے تو دوسری جانب پنجاب حکومت دھڑا دھڑ قرضوں کا بوجھ معیشت پرلاد رہی ہے،پی ٹی آئی لوٹ مار کی دولت ملک میں واپس لانے تک جدوجہد جاری رکھے گی، ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے بلاامتیاز احتساب کے سوا کوئی راستہ نہیں۔دریں اثناء عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں شعیب صدیقی ،ظہیر عباس کھوکھر ،مہر واجد عظیم ، میاں یامین ٹیپو اور خواجہ جمشید امام سے ملاقاتیں کی اور این اے120کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت و فیصلے کیے اور بالخصوص پولنگ ڈے کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے پر اتفاق رائے ہوا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...