آرمی چیف نے کالعدم تنظیموں کے 4اہم دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 4 اہم دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مذکورہ دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ چاروں دہشت گرد محمد سلیم، کفایت اللہ، ریاض احمد اور حفیظ الرحمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے ،جو مسلح افواج، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور شہر یو ں پر حملوں میں ملوث ہیں جبکہ دہشتگردوں نے فوجی عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا، چاروں دہشت گردوں نے 16 افر ا د کو قتل اور 8 کو زخمی کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں نے 23 مزید مجرموں کوقید کی مختلف سزائیں بھی سنائی ہیں۔جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ان میں دہشتگردریاض احمد ولد غلارام خان قانون نافذ کرنیوا لے اداروں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث رہا، جس کے نتیجے میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 8 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوئے۔مجرم علی گراما میں گورنمنٹ مڈل سکول کو تباہ کرنے کے واقعے میں بھی ملوث تھا۔مجرم حفیظ الرحمٰن ولد حبیب الرحمٰن بھی 3 معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔مجرم محمد سلیم ولد مسلم خان قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور مسلح افواج پر حملے میں ملوث تھا جس میں 4 فوجی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہواجبکہ مجرم کفایت اللہ ولد دِلریش مسلح افواج پر حملوں میں ملوث رہا جس میں ایک فوجی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
سزائے موت توثیق