پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لحاظ سے پنجاب پولیس نمبرون ہے،آئی جی پنجاب

پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لحاظ سے پنجاب پولیس نمبرون ہے،آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کرا ئم ر پو رٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ تھانوں میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے جبکہ جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ڈیوٹی پر بھیجنے سے قبل مکمل بریفنگ دی جائے ،ناکہ جات، پٹرولنگ اور دیگر فرائض کی ادائیگی کے لئے پولیس فورس کو مسلح کر کے مکمل تیاری کے ساتھ روانہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لحاظ سے پنجاب پولیس ملک بھر میں نمبرون ہے۔پولیس جوانوں کے ڈیلی الاؤنس2005ء کی بجائے سال 2017ء کے مطابق کر دیئے گئے ہیں۔وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں پولیس دربار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ، ڈی پی او بہاول پور ڈاکٹر محمد اختر عباس، ڈی پی او بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ڈی پی او رحیم یار خاں ذیشان اصغر، پولیس فورس کے افسران اور جوان موجود تھے۔


آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس کو باقاعدگی سے فائرنگ پریکٹس کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران وملازمین عوام سے قریبی رابطہ کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے تعاون سے جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں موجود کمپلینٹ سیل 8787پر 58000شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 25فیصد مکمل اور25فیصد جزوی جھوٹی پائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹی درخواستوں سے نہ صرف معصوم لوگ پریشانی سے دوچار ہوتے ہیں بلکہ پولیس کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ معاشرہ میں بے گناہ ، معصوم شہریوں کو بلاوجہ جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کے لئے یہ طریقہ اپنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ بہترین پولیس فورس کی کمان ان کے پاس ہے۔ وہ اس میں مزید بہتری لانے اور پولیس فورس کے افسران وملازمین کی فلاح وبہبود کے کاموں میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بہتر طبی سہولیات اور ان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ہسپتال اور سکول قائم کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ابتدائی طور پر لاہور میں 40بستروں پر مشتمل ہسپتال نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے میانوالی، ساہیوال اور ملتان میں پنجاب پولیس کے زیر اہتمام سکول قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت تعلیم جبکہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو معمولی فیس پر تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے اس نیٹ ورک کو ضلع کی سطح پر پھیلایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین تبھی دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض احسن طریقہ سے سرانجام دے سکتے ہیں اگر ان کے اہل خانہ کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات اور بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے جامع اور مربوط نظام موجود ہو۔انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔قبل ازیں ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال اور آبرو کی حفاظت پولیس فورس کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے پولیس نہایت جوش وجذبہ سے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت اور ویژن کے مطابق بھرپور انداز میں کام کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے آج یہاں ماڈل پولیس اسٹیشن بغداد الجدید میں شہریوں کی سہولت کے لئے قائم کردہ ’’پولیس سہولت سنٹر‘‘ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور ڈاکٹر محمد اختر عباس نے انہیں پولیس سہولت سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے انہیں پولیس سہولت سنٹر پر شہریوں کو فراہم کردہ سہولیات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ پولیس سہولت سنٹر پر آنے والے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔آئی جی پنجاب جب پولیس لائنز پہنچے تو پولیس کے چا ق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وہ یاد گارِ شہدائے پولیس گئے جہاں انہوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور یہاں موجود شہداء کے ورثاء سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس فورس کا فخر ہیں اور ان کے ورثاء ہماری فیملی کا حصہ ہیں جن کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ بعد ازاں آر پی او رفعت مختار راجہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور ڈاکٹر محمد اختر عباس نے آئی جی پنجاب پولیس کو یادگار کے طور پر سوینئر اور البم پیش کیا۔اس موقع پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں میں تعریفی اسناد اور کیش پرائز بھی دیا گیا۔

مزید :

علاقائی -