فیصل ۱ٓباد چیمبرکے انتخابات،فاؤنڈرز گروپ کے متعدد قائدین کی نیشنل گروپ میں شمولیت
فیصل آباد(بیورورپورٹ )ایوان صنعت و تجارت فیصل ۱ٓباد کے12 اور 13 ستمبر کو منعقد ہونیوالے انتخابات کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیاہے جبکہفاؤنڈرز گروپ کے متعدد قائدین نے نیشنل گروپ میں شرکت سمیت اس کے امیدواروں کی حمایت کا بھی اعلان کردیا ہے جس کے بعد نیشنل گروپ کے تمام نامزد امیدواروں کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔ فاؤنڈرز گروپ کے رہنما محمد یوسف موتی اور طاہر محمود شیخ نے ڈائز اینڈ کیمیکلز ایسوسی ایشن کی طرف سے دئیے جانے والے عشائیہ کے دوران نیشنل گروپ کے قائد میاں محمد ادریس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اور صنعتکار برادری کا مفاد باہمی اتحاد میں ہے اور اس سلسلہ میں وہ غیر مشروط طور پر نیشنل گروپ کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ اس موقع پر فاؤنڈرز گروپ کے محمد کاشف نے بھی اپنے 25 ممبران کے ہمراہ نیشنل گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ محمد یوسف موتی ، طاہر محمود شیخ اور محمد کاشف سمیت دیگر تاجر راہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیشنل گروپ کے قائد میاں محمد ادریس نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے اجتماعی مفاد کی بات کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔