میانمر کی حکومت کو جرائم کی ذمہ داری قبول کرنا ہو گی : شازیہ سلیمان

میانمر کی حکومت کو جرائم کی ذمہ داری قبول کرنا ہو گی : شازیہ سلیمان

  



لاہور(کامرس رپورٹر)ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کی صدر شازیہ سلیمان نے کہا ہے کہ بر ما میں ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام انسانیت کی تذلیل ہے جو ظالمانہ اور دہشت گردی کی کارروائی ہیں۔ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک میانمار کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کریں اورعالمی عدالت میں بھرپور آواز اٹھائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اجلا س کی صدارت کر تے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر سینئر رہنماء ڈاکٹر شہلا جاوید ، قیصرہ شیخ ،شازیہ بخاری ، تہمینہ بخاری،آسیہ ، فلاحت و دیگر موجو د تھیں۔ شازیہ سلیمان نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر جس قدر تشدد اور آگ میں زندہ جلایا جارہا ہے اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ میانمر کی حکومت کو ان جرائم کی ذمہ داری قبول کرنا ہو گی اور بین الاقوامی برادری کو اقلیتوں کے حقوق، انسانی حقوق اور دنیا بھر میں مذہب اور مذہب کی آزادی کے تحفظ کے ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کو لازمی پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے روہنگیا اقلیت کی مشکلات اور ان کے خلاف مظالم کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی کوششوں، خطے میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تشدد اور خونریزی کے فوری طور پر روکنے کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مسلم ممالک خاص طور پر پاکستان، سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں پر زور دیا کہ رواں ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھایا جائے جبکہ تمام مسلم ممالک میانمار کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات کو ختم کردیں۔

مزید : کامرس


loading...