پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنا جرائم کی بیخ کنی کیلئے ضروری ہے: آئی جی
بہاول پور ، خانقاہ شریف(بیورورپورٹ، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ پاکستان )آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ 21ویں صدی کے لاء اینڈ آرڈر اور جرائم سے متعلقہ چیلنجز سے احسن اور بھرپور طریقہ سے نبردآزما ہونے کے لئے پولیس کے لئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے اور جب تک پولیس کے واچ اینڈ وارڈ اور انویسٹی گیشن نظام کو جدید سائنسی خطوط پر استوار نہیں کیا جاتا معاشرہ کو جرائم سے پاک کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔چنانچہ پنجاب پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے تھانوں کی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں پولیس دربار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسربہاول پور ڈاکٹر محمد اختر عباس، ڈی پی او بہاول نگر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ڈی پی او رحیم یار خاں ذیشان اصغر، پولیس فورس کے افسران اور جوان موجود تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لحاظ سے پنجاب پولیس ملک بھر میں نمبرون ہے۔ اس کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پولیس فورس کے رسک الاؤنس(Risk Allowance)کو بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یکم اکتوبر کی تنخواہ میں بقایا جات ادا کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں کے ڈیلی الاؤنس2005ء کی بجائے سال 2017ء کے مطابق کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لاہور میں موجود کمپلینٹ سیل 8787پر 58000شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 25فیصد مکمل اور25فیصد جزوی جھوٹی پائی گئی ہیں۔بعد ازاں آر پی او رفعت مختار راجہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور ڈاکٹر محمد اختر عباس نے آئی جی پنجاب پولیس کو یادگار کے طور پر سوینئر اور البم پیش کیا۔اس موقع پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں میں تعریفی اسناد اور کیش پرائز بھی دیئے گئے۔ قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نوازخان ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں پہنچے تو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب یادگار شہدائے پولیس گئے جہاں انہوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود شہدائے پولیس کے ورثا سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے شہداء کے ورثا ان کی فیملی ہیں۔ان کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے ورثائے شہداء پولیس کو مالی امداد بھی دی۔
آئی جی