3کروڑ کی سپیشل صفائی گرانٹ کی بندر بانٹ، شہری علاقوں میں آلائشیں بدستور موجود

3کروڑ کی سپیشل صفائی گرانٹ کی بندر بانٹ، شہری علاقوں میں آلائشیں بدستور ...

  



ملتان( سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پرملتان شہر کی صفائی ستھرائی کیلئے فراہم کی جانے والی تین کروڑ روپے کی سپیشل گرانٹ کے باوجودملتان کے بیشتر شہری و دیہی علاقے عید الاضحی کے پانچ روز گزرنے کے باوجود بدستور تعفن کی زد میں ،شہریوں کا جینا محال ہوکر(بقیہ نمبر24صفحہ12پر )

رہ گیا ۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر شہر کی صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے کیلئے 3کروڑ روپے کی سپیشل گرانٹ فراہم کی گئی تھی تاکہ شہریوں کو صفائی ستھرائی کی تما م تر سہولیا ت فراہم کی جاسکیں مذکورہ گرانٹ ملنے پر ضلعی انتظامیہ ،میونسپل کارپوریشن اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا مشترکہ اجلا س بلایا گیا جس میں مذکورہ سپیشل گرانٹ کی بند ر بانٹ کرتے ہوئے معمولی رقم خر چ کرکے ملتان کی صفائی ستھرائی بارے پلان تشکیل دیا گیا ۔مذکورہ پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے 20لاکھ آبادی کے شہر کیلئے صرف 80ہزار پولی تھین شاپر بیگ چھپوائے گئے جنھیں براہ راست شہریوں میں تقسیم کرنے کی بجائے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو دے دیا گیا تاکہ وہ اپنے قریبی لوگوں میں تقسیم کرسکیں اسی طرح معمولی تشہری مہم ،فینائل چونا کی خریداری ،خندقوں کی کھدائی سمیت چند دیگر اللے تللوں کی نمود و نمائش کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی گرانٹ خورد بر د کرلی گئی ہے ۔دوسری جانب عیدالاضحی کو 5روز گرزنے کے باوجود ملتا ن شہر کے بیشتر شہری و مضافاتی علاقے بدستور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے باعث تعفن کی زد میں ہیں جس کے باعث شہریوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے ۔مذکورہ صورتحال کے پیش نظر ملتا ن شہر کے عوامی وسماجی حلقوں نے حکومتی ارباب اختیا ر سے مذکورہ صورتحال بارے فوری اصلاح احوال اور کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...