نواز شریف پانامہ پر میرے ٹی او آر نہ مان کر نشان عبرت بن گئے: خورشید شاہ

نواز شریف پانامہ پر میرے ٹی او آر نہ مان کر نشان عبرت بن گئے: خورشید شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سکھر (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو میرے مشوروں سے ہمیشہ کامیابی ملی لیکن پانامہ کے معاملے کے لئے ٹی او آر بنانے کی تجویز نہ مان کر نشان عبرت بن گئے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت کی بالادستی چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے اور اس کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے نواز شریف کو سچے دل سے مفید مشورے دیئے جنہیں مان کر انہوں نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی لیکن افسوس کی بات ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے کے لئے ٹی او آرز بنانے کی میری تجویز کو رد کر دیا گیا نہ صرف وہ نتیجتاً نشان عبرت بن گئے بلکہ جمہوریت کو بھی خطرے میں ڈال گئے کیونکہ ان کی نااہلی کے بعد (ن) لیگ کی جانب سے قومی اداروں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے جو جمہوریت کی بالادستی کے اصولوں کی مکمل خلاف ورزی ہے ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آئی جی سندھ کا معاملہ گورننس کا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ سندھ میں ہر معاملے کو سیاست کی نذر کر دیا جاتا ہے اور اب یہ معاملہ بھی سیاست کی نذر ہو چکا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ادارے اپنے دائرے کار میں رہ کر ذمہ داری نبھائیں تو اس سے ریاست مضبوط ہو گی اور یہی ہمارا مشن ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ترک وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ نے بنگلہ دیش کا دورہ کر کے روہنگیا کے مسلمانوں کو حوصلہ و دلاسہ دیا جو انتہائی خوش آئند ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہماری حکومت بھی روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔

مزید :

صفحہ آخر -