پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہی ہے: محمود خان

پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہی ہے: محمود خان

  



پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخواہ کے وزیر کھیل وثقافت‘میوزیم وامورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا کہ ہے ملک کی سلامتی بقاء اور استحکام کیلئے ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں موجود ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ2018کے عام انتخابات میں تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور آئندہ مرکز سمیت چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہوں گی اور غریب لوگ حقیقی معنوں میں با اختیار ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹانگارڈھیرئی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن)‘اے این پی‘پی پی پی اور قومی وطن پارٹی کے سرکردہ اور اہم کارکنان نورحمان‘خالد خان‘اصیل ذادہ‘شیرمالک‘کشمالے‘شاولی‘خان گل‘محمد شیر‘امیر زرین اور اکبر زیب نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیاجبکہ اجتماع سے ضلعی کونسلر رشید عالم خان نے بھی خطاب کیا۔محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اخیتار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ جھوٹ اور منافقت کی سیاست کادور گزر چکا ہے۔اب عوام عملی کاموں پر یقین رکھتے ہیں۔محمود خان کا کہنا تھا کہ اے این پی‘پی پی پی‘مسلم لیگ(ن) اور جے یو آئی کی سیاہ سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے اور عوام انکے اصلی چہرے جان چکے ہیں۔ان سیاسی پارٹیوں نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن‘لوٹ کھسوٹ‘اقراباء پروری‘بدعنوانی‘تقرریوں اور تبادلوں کی قیمتیں وصول کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا اور صرف اور صرف ملائشیاء اور دیگر یورپی ممالک میں بینک بیلنس بنانے‘کاروبار کرنے اورذاتی مفادات کی سیاست کرنے میں مشغول رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی لٹیرے اب پھر نئے لبادے میں عوام کو دھوکہ دینے کیلئے میدان میں اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے منشور پر عمل پیرا ہے اور سرکاری وسائل غریب عوام پر خرچ کررہی ہے اور پی ٹی آئی واحد ملک کی سب سے بڑی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کچھ بھی کرلیں پی ٹی آئی کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔محمود خان نے کہا کہ اس ملک کو کرپٹ سیاستدانوں کی کوئی ضروت نہیں۔وہ ہمیشہ غریبوں سے ووٹ حاصل کرکے اقتدار کی کرسی تک پہنچتے ہیں اوربعد میں غریب عوام کے مسائل ک احساس تک نہیں ہوتا اورغریبوں سے نفرت کرنے لگتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وقتی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ غریب عوام کی بے لوث اور بلا امتیار خدمت اور ان کے مسائل ومشکلات حل کرنا ہی ان کے لئے کامیابی ہے۔انہوں نے سپاسنامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے علاقے کے پل کی تعمیر اور بجلی کی فراہمی کی سکیموں کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...