مظفرآباد،انجمن قانون گوئیاں ،پٹواریاں کی تقریب حلف برداری

مظفرآباد،انجمن قانون گوئیاں ،پٹواریاں کی تقریب حلف برداری

  



مظفرآباد(بیورورپورٹ)انجمن قانون گوئیاں /پٹواریاں مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا ۔ حلف بردار ی کی پروقارتقریب گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں منعقد ہوئی جہاں مہمان خصوصی سپیکرقانون سا زاسمبلی شاہ غلام قادر نے انجمن قانون گوئیاں /پٹواریاں مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران صدر محمد بشیر مغل ‘ سینئر نائب صدر سید مراد حسین شاہ ‘ نائب صدر اول محمد حنیف اعوان ‘ نائب صدر دوئم محمد کبیر مغل ‘جنرل سیکرٹری محمد صدیق مغل ‘جوائنٹ سیکرٹری محمد سعید عباسی ‘ سیکرٹری نشرواشاعت قاضی شیراز حسین اور سیکرٹری مالیات شکیل احمد عباسی سے حلف لیا ۔ تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سپیکرقانون سا زاسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ عوامی مشکلات کا خاتمہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیح ہے۔محکمہ مال کی شفافیت سمیت ریاست میں میرٹ بحال کردیا ہے۔ ریاست کے پٹواریوں پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ پٹواری کے بغیر معاشرہ نامکمل ہے۔ پٹواریوں کو چاہیے کہ لکیر کو درست لائن پر رکھیں ۔ریکارڈ میں ٹمپرنگ نہ ہونے دی جائے ۔ کسی بھی شہری کا انتقال ہو نے پر درست انتقال اندراج کیا جائے ۔ جس کی زمین ہے اس کی اولاد اور اس کے خاندان میں رہنے دی جائے ۔ اگر محکمہ مال سے یہ خرابیاں دور ہو جائیں تو معاشرے سے فساد ہو خاتمہ ہوگا۔ پٹواریوں کی دفتری مکانیت اور دیگر مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم سے بات کرونگا انشاء اللہ مسلم لیگ ن کی حکومت آپ کے تمام مسائل حل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ لیگی حکومت کے دور میں ملازمین پرسکون فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ لوگوں کو انصاف ملنا چاہیے۔ ہم سب نے ایک دن چلے جانا ہے اور اگلے جہان حساب دینا ہے۔ محکمہ مال میں بھی کمپیوٹرائز ڈ نظام لازمی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب مال کا افسر کہیں جاتا ہے تو سارا بوجھ پٹواریوں پر پڑتا ہے۔ ہم نے اس کلچر کا خاتمہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب محکمہ مال کا ریکارڈ درست ہوگا تو معاشرے کے بڑے مسائل کم ہونگے۔ انہوں نے تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دینے پر زور دیا۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے نومنتخب صدر انجمن قانون گوئیاں /پٹواریاں مظفرآباد محمد بشیر مغل نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مہمان خصوصی سے مطالبہ کیا کہ پٹواریوں کو دفتر مکانیت فراہم کی جائے ۔ پٹواری ہر وقت میدان عمل میں ہوتے ہیں۔ ہمیں دفاتر نہ ہونے کے باعث سرکاری ریکارڈ کی حفاظت سمیت فرائض منصبی کیلئے سرانجام دینے میں مشکلات ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...