ملازمین اتحاد رکھیں انکے جائز مسائل حل ہونگے،اکاؤنٹنٹ جنرل آزادکشمیر

ملازمین اتحاد رکھیں انکے جائز مسائل حل ہونگے،اکاؤنٹنٹ جنرل آزادکشمیر

  



مظفرآباد( بیورورپورٹ )اکاؤنٹنٹ جنرل آزادکشمیر محمد ایاز خان نے کہا ہے کہ اے جی آفس اور محکمہ آڈٹ کے ملازمین کی پروموشن کے معاملات کو کشمیر کونسل کے سامنے ضرور اٹھائیں گے یہ بڑا تکلیف دہ عمل ہے کہ ملازم جس سکیل میں بھرتی ہو اور اسی میں ریٹائرڈ ہو جائے ٹائم سکیل کے معاملات بھی جلد یکسو کروائیں گے ۔ملازمین آپس میں اتحاد و اطمینان رکھیں ۔ان کے جائز مطالبات ضرور حل ہونگے ۔محکمہ آڈٹ اور اے جی میں کوئی فرق نہیں ۔2005میں پہلے آڈٹ و اکاؤنٹس اکٹھے تھے بعد ازاں دونوں علیحدہ ہو گئے مگر ہم نے کبھی آڈٹ کو اپنے سے الگ نہیں سمجھا ۔اگر کوئی ملازم پرموٹ ہوتا ہے تو کسی دوسرے ملازم کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ دوسرے کے منہ سے نوالہ چھینے یا ٹانگیں کھینچے ۔ایک ہی سکیل میں بھرتی اور ریٹائرڈمنٹ ناانصافی ہے ۔مینجمنٹ سارے لوگوں کے ساتھ ہونی چاہئیے ۔ورنہ پارٹی بن جاتی ہے ہمیں اپنے کام کو ایمانداری ،فرض شناسی سے کرنا چاہئیے ۔اس میں ہماری کامیابی ہوگی ۔سینئر آڈیٹر محکمہ آڈٹ خواجہ مختیار احمد دوران ملازمت اپنا کام ایمانداری و لگن سے انجام دیا آج وہ باعزت ریٹائرڈ ہو رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر آڈیٹر خواجہ مختیار احمد کی ریٹائرڈمنٹ کے موقع پر محکمہ آڈٹ اور آڈٹ ویلفےئر ایسوسی ایشن آزادکشمیر کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ عزیز الرحمان ،آڈٹ ویلفےئر آزادکشمیر کے صدر راجہ غیور الحسن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ ایڈیشنل اے جی رانا محمد حسن سابقہ ایڈیشنل اکاؤنٹ جنرل محمد کبیر،ذوالفقار احمد قریشی ،ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسر محمد جاوید خٹک ،آڈٹ آفیسران مرزا بشیر ،میر رفیق ،راجہ منیر احمد خان ،عاطف اکرم ڈپٹی ڈائریکٹر سید الطاف حسین نقوی کے علاوہ محکمہ آڈٹ و اکاؤنٹس کے سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر خواجہ مختیار کو تحائف دئیے گئے اور پھولوں کے ہار ڈالے گئے اور خصوصی مبارکباد دی گئی ۔ڈی جی آڈٹ عزیز الرحمان نے کہا کہ خواجہ مختیار نے زندگی کا بیشتر حصہ ہمارے ساتھ گزارا۔انہوں نے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دئیے ۔آج ان سے جدائی فطری عمل ہے ۔اپنی ملازمت کے دوران انہوں نے محنت سے کام کیا ۔خواجہ مختیار مبارکباد کے مستحق ہیں ۔خواجہ مختیار پیشہ وارانہ امور سے متعلق اپنی ملازمت کے تجربات و قیمتی آراء سے ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر