چارسدہ‘ تاجر اتحاد کا مرکزی صدر کی گرفتاری کیخلاف مظاہرے جاری

چارسدہ‘ تاجر اتحاد کا مرکزی صدر کی گرفتاری کیخلاف مظاہرے جاری

  



چارسدہ (بیورو رپورٹ) تاجر اتحاد کے مرکزی صدر افتخار حسین صراف کی گرفتاری کے خلاف دوسرے روز بھی مظاہرے جاری ۔ ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی ۔تاجر رہنماء کو 24گھنٹے کے اندر اندر رہا نہ کیا گیا تو اتوار کے روز شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا جائیگا۔ لعل محمد لعل۔ تفصیلات کے مطابق تاجر اتحاد کے مرکزی صدر افتخار حسین صراف کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف تاجر اتحاد کے زیر اہتمام فارو ق اعظم چوک چارسدہ میں دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق ، رکن صوبائی اسمبلی فضل شکور خان ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ریاض خان ، ولی محمد خان ، تاجر اتحاد کے قائدین مولانا صلاح الدین شاکر ، لعل محمد لعل ، متحدہ شاپ کیپر ز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر حاجی صدیق اللہ اور دیگر نے تاجر رہنماء کی گرفتار ی کی شدید شدید مذمت کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے تاجروں کو تنگ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی ناکامی اور آئے روز تاجروں پر ناجائز جر مانوں کے خلاف آواز اٹھانے پر تاجر اتحاد کے مرکزی صدر افتخار حسین صراف اور جنرل سیکرٹری حبیب اللہ کے خلاف تین ایم پی او کے تحت وارنٹ جاری کئے گئے جس کے بعد مرکز ی صدر افتخار حسین صراف کو گرفتار کرکے ہری پور جیل منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ گرفتاریوں سے تاجر برادری کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا ۔ ضلعی انتظامیہ اپنی ناکامی کا بدلہ تاجر وں سے لے رہی ہے مگر تاجر اتحاد ضلعی انتظامیہ کے ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 24گھنٹے کے اندر اندر افتخار حسین صراف کو رہا نہ کیا گیا تو اتوار کے روز مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا جائیگا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...